شلپا شیٹھی کے اہلخانہ کورونا وائرس کا شکار
بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا کے شوہر، بچوں، والدہ اور ساس سسر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں تاہم اداکارہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
اداکارہ اور مختلف ریئلٹی ٹی وی شوز میں جج کے فرائض انجام دینے والی شلپا شیٹھی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیے گئے نوٹ میں اس حوالے سے بتایا۔
شلپا شیٹھی نے کہا کہ گزشتہ 10 روز ان سمیت ان کے اہلخانہ کے لیے بہت مشکل رہے ہیں کیونکہ یکے بعد دیگرے سب کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
مزید پڑھیں: دپیکا پڈوکون، والدین اور بہن سمیت کورونا کا شکار
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے گھر کے تمام افراد ڈاکٹروں کے مشوروں اور ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔
شلپا شیٹھی نے کہا کہ 'میرے ساس، سسر، ان کے بعد میری بیٹی سمیشا، پھر بیٹا ویان، اس کے بعد میری ماں اور پھر میرے شوہر راج کندرا میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ سب سرکاری ہدایات کے تحت گھر میں اپنے کمروں میں آئسولیشن میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار رندھیر کپور بھی کورونا وائرس کا شکار
انہوں نے بتایا کہ گھر کے 2 ملازمین بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور طبی مرکز میں ان کا علاج جاری ہے۔
شلپا شیٹھی نے بتایا کہ 'سب صحتیاب ہورہے ہیں جبکہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے'۔
کورونا ضوابط پر عمل کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات پر عمل کیا ہے اور ہم حکام کی مدد کے بہت مشکور ہیں۔
انہوں نے مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کا بھی شکریہ ادا کیا اور دعاؤں میں یاد رکھنے کا کہا۔
مزید پڑھیں: کترینہ کیف سمیت 3 بولی وڈ فنکاروں میں کووڈ 19 کی تشخیص
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ 'برائے مہربانی ماسک پہنیں، سینیٹائز کریں، محفوظ رہیں اور چاہے کووڈ پازیٹو ہوں یا نہ ہوں، مثبت سوچ رکھیں'۔
بھارت میں مئی کے آغاز سے یومیہ کیسز کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے 4 لاکھ تک رپورٹ ہورہی ہے جبکہ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھارت میں کورونا وائرس کے 4 لاکھ 14 ہزار 188کیسز اور 3 ہزار 918 اموات رپورٹ ہوئیں۔
بھارت میں 7 مئی تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 14 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔