• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت سندھ کا جمعہ، ہفتے کو کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان

شائع May 6, 2021
ناصرحسین شاہ نے کہا امید ہے عوام اور کاروبار حضرات ایس او پیز کا خیال رکھیں گے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز
ناصرحسین شاہ نے کہا امید ہے عوام اور کاروبار حضرات ایس او پیز کا خیال رکھیں گے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز

سندھ کے وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جمعے اور ہفتے کو کاروبار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کورونا کی ایس او پیز کے مطابق کھلا رہے گا۔

ناصرحسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعہ اور ہفتے کو کاروباری حضرات ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کووڈ-19: سندھ میں 9 مئی سے عید کی تعطیلات تک سختیاں بڑھانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ اتوار سے کاروبار بند رہے گا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ عوام اور کاروباری حضرات ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔

قبل ازیں حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اتوار سے عید کی چھٹیوں تک سختیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا تھا کہ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں کل سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، شہر قائد میں کیسز 5 فیصد سے 14.23 فیصد ہوگئے ہیں جبکہ حیدر آباد میں شرح 18.1 فیصد سے کم ہوکر 11.92 فیصد ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل سے اتوار تک ٹیک اوے مغرب تک ہوگی، مغرب کے بعد ریسٹورنٹس صرف ہوم ڈلیوری کر سکیں گے جبکہ کریانہ کی دکانیں شام 6 بجے تک کھلی ہوں گی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ فارمیسیز کو وقت کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں ہاکس بے اور ساحل سمندر بند رہیں گے جبکہ اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں ہوں گی۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا کورونا وائرس سے نمٹنے کا طریقہ کار عقل سے ماورا ہے، مراد علی شاہ

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے کووڈ-19 ایس او پیز سے متعلق جاری 4 مئی کے فیصلوں کے تناظر میں گزشتہ روز صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومت نے 8 سے 16 مئی (عید الفطر کی تعطیلات کے دوران) مکمل لاک ڈاؤن یا مختلف قسم کی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا تھا۔

4 مئی کو این سی او سی کے ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ 8 سے 16 مئی کے دوران عید کی چھٹیوں میں وفاق، صوبوں اور ضلعی سطح پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ 8 مئی سے 16 مئی2021 تک ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کا کورونا وائرس سے نمٹنے کا طریقہ کار عقل سے ماورا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صرف نئے نئے میٹر ایجاد کرنے سے اور اخباری بیانات دینے سے آپ کووڈ کو نہیں سنبھال سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024