• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شوہر سے علیحدگی سے قبل ہی ملینڈا گیٹس ارب پتی بن گئیں

شائع May 6, 2021
— فوٹو بشکریہ بلومبرگ
— فوٹو بشکریہ بلومبرگ

بل اور ملینڈا گیٹس کی طلاق ابھی ہوئی نہیں مگر اس جوڑے نے اثاثوں کی تقسیم کا عمل شروع کردیا ہے۔

اس کے نتیجے میں ملینڈا فرنچ گیٹس اب ارب پتی بن گئی ہیں۔

بل گیٹس کی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی نے چند دن کے دوران 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کے حصص اسٹاک ملینڈا کے نام منتقل کیے۔

پہلے 3 مئی کو 1.8 ارب ڈالرز کی سیکیورٹیز ملینڈا کے نام منتقل کی گئیں۔

یعنی اسی دن جب اس جوڑے کی جانب سے اچانک 27 سال کی شادی کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اب مزید 50 کروڑ ڈالرز کے حصص ملینڈا گیٹس کے حوالے کیے گئے ہیں۔

یہ سرمایہ کاری کمپنی Cascade انویسٹمنٹ بل گیٹس کا اہم ترین اثاثہ ہے جو ان کی دولت، حصص، جائیدادوں وغیرہ کو سنبھالنے، خریدنے یا فروخت کرنے کا کام کرتی ہے۔

ایک زمانہ تھا جب مائیکروسافٹ کے زیادہ تر حصص بل گیٹس کے پاس تھے مگر انہوں نے وہ گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ یا فروخت کردیئے اور اب یہ حصص ایک فیصد بھی کم ہیں۔

بل گیٹس کی جانب سے حصص اسٹاک کو منتقل کرنے کا عمل طلاق کے معاملے کا ہی حصہ ہے۔

عدالت میں دائر درخواست کے مطابق اس جوڑے نے جج سے کہا ہے کہ وہ ان کے اثاثے ایک سیپریشن کانٹریکٹ کے تحت تقسیم کردے۔

یہ معاہدہ عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ایک جوڑا الگ رہ رہا ہو مگر ان کی طلاق نہ ہوئی ہو، اس دستاویز کی شرائط ابھی سامنے نہیں آئیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق ملینڈا گیٹس اپنے شوہر سے طلاق لینے پر دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں جن کی دولت 73 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔

بل گیٹس کے اثاثے 146 ارب ڈالرز کے قریب ہیں اور طلاق کی صورت میں یہ دونوں میں 50-50 تقسیم ہوسکتے ہیں۔

طلاق کی درخواست میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اس جوڑے نے شادی سے قبل معاہدہ (prenuptial) نہیں کیا تھا اور واشنگٹن ریاست کے قانون کے تحت جوڑوں میں طلاق ہونے پر اثاثے مساوی بنیادوں پر تقسیم کردیئے جاتے ہیں۔

تاہم اس کا انحصار سیپریشن کانٹریکٹ کی شرائط پر ہوگا کہ دونوں کے درمیان طلاق کی صورت میں اثاثوں کی تقسیم کے بارے میں کیا طے کیا گیا۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی طلاق کی کارروائی مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024