• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اداکارہ سنبل شاہد کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں

وہ اپریل سے سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج تھیں—فائل فوٹو:انسٹاگرام
وہ اپریل سے سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج تھیں—فائل فوٹو:انسٹاگرام

پاکستان کی سینئر اداکاراؤں بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔

سنبل شاہد تقریباً ایک ماہ سے سی ایم ایچ لاہور میں کورونا وائرس کے باعث زیر علاج تھیں۔

انہیں 22 اپریل کو طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا اور آج (6 مئی) کی دوپہر کو سنبل شاہد کا انتقال ہوا۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کا کورونا سے متاثرہ بہن کے نام جذباتی پیغام

ٹی وی ہوسٹ سیدہ بشریٰ اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا کہ 'بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد لاہور میں کورونا سے انتقال کرگئیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، برائے مہربانی سب ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں'۔

اسکرین رائٹر سجی گل نے فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ 'سنبل آپا اب نہیں رہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے'۔

سنبل شاہد کی بہن اور اداکارہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا اور مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثرہ اداکارہ سنبل شاہد کی حالت تشویشناک

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔

بعدازاں اسما عباس نے 22 اپریل کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔

اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔

گزشتہ دنوں بشریٰ انصاری نے کورونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کی بہن کورونا وائرس سے متاثر

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل شاہد کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں، جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کے لیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ'۔

3 روز قبل بشریٰ انصاری نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ ان کی کچھ دن پہلے کی تصویر ہے اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں اپنی بہن سنبل کے حوالے سے اتنی پریشان کن صورتحال کا سامنا ہوگا۔

انہوں نے 'ملکہ عالیہ'، عشقاوے' اور 'تاکے کی آئے گی بارات'، 'ڈولی کی آئے گی بارات' جیسے ڈراموں میں اداکاری کی تھی۔

وہ 'گولڈن گرلز' میں اپنی اداکاری کی وجہ سے جانی جاتی تھیں۔

سنبل شاہد کا آخری ڈراما 'نند' تھا جس میں انہوں نے شہروز سبزواری کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024