• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دو ہفتوں میں کورونا سے بھارت کی 16 معروف شوبز شخصیات ہلاک

شائع May 6, 2021
صرف 6 مئی کو ہی تین شوبز شخصیات چل بسیں—فائل فوٹو: فیس بک
صرف 6 مئی کو ہی تین شوبز شخصیات چل بسیں—فائل فوٹو: فیس بک

پڑوسی ملک بھارت اس وقت کورونا کی دوسری لہر کے دوران بدترین حالات کا شکار ہے اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ 2 سے ساڑھے تین ہزار افراد وبا کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔

بھارت میں کورونا کے آغاز سے 6 مئی تک سب سے زیادہ ہلاکتیں 6 مئی کو ریکارڈ کی گئیں اور وہاں پہلی مرتبہ 3 ہزار 980 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوگئے۔

ریکارڈ ہلاکتوں کے بعد بھارت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 168 تک جا پہنچی جب کہ 6 مئی کو مزید 4 لاکھ 12 ہزار 262 افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ 77 ہزار 410 تک جا پہنچی۔

کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھارت میں جہاں عام افراد وبا سے غیر محفوظ ہیں، وہیں سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات بھی بڑی تیزی سے اس کا شکار ہو رہی ہیں اور وہاں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 اداکار کورونا کے باعث چل بسے۔

کامیڈین پانڈو 6 مئی کو چل بسے—فائل فوٹو: فیس بک
کامیڈین پانڈو 6 مئی کو چل بسے—فائل فوٹو: فیس بک

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی دو مختلف رپورٹس کے مطابق 6 مئی کو کورونا کے باعث ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا سمیت تامل اور تیلگو فلموں کے اداکار پانڈو چل بسے۔

رپورٹ کے مطابق تیلگو اور تامل فلموں کے کامیڈین پانڈو کی کورونا کی وجہ سے طبیعت کافی خراب ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 6 مئی کو چل بسے۔

پانڈو کی عمر 74 برس تھی اور انہوں نے سب سے زیادہ تامل فلموں میں کام کیا اور وہ جنوبی ہندوستانی فلم انڈسٹری کے جانے پہچانے اداکار تھے۔

شری پرادا بھی 6 مئی کو چل بسیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
شری پرادا بھی 6 مئی کو چل بسیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

انڈین ایکسپریس کی ایک اور رپورٹ کے مطابق کورونا کی وجہ سے ہی ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چھچھورے، بدری ناتھ کی دلہنیا اور گڈ نیوز جیسی بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ ابھیلاشا پٹیل بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔

ایک ہی دن میں تینوں اداکاروں کے کورونا کے باعث چل بسنے سے پہلے بھی گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ کم از کم ایک بھارتی اداکار، اداکارہ یا شوبز سے وابستہ شخصیت کا کورونا کے باعث انتقال ہوا۔

انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کم از کم 13 شوبز شخصیات چل بسیں۔

ابھیلاشا پٹیل بھی 6 مئی کو چل بسیں—فائل فوٹو: فیس بک
ابھیلاشا پٹیل بھی 6 مئی کو چل بسیں—فائل فوٹو: فیس بک

کورونا کے باعث ہلاک ہونے والی دوسری مشہور شوبز شخصیات میں فلم ہیٹ اسٹوری، پیج تھری، مرڈر 2 اور سیلز مین جیسی فلموں کے اداکار بکرم جیت کنور پال اور گلوکار و موسیقار شرن راٹھوڑ شامل ہیں۔

شرن راٹھوڑ موسیقار ندیم کے ساتھ جوڑی کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کی جوڑی 1990 کی مقبول موسیقار جوڑیوں میں شمار ہوتی تھی، ان کی جوڑی کو ندیم شرن کا نام دیا گیا تھا۔

موسیقار و گلوکار شرون راٹھوڑ 23 اپریل کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
موسیقار و گلوکار شرون راٹھوڑ 23 اپریل کو چل بسے تھے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

کورونا کی وبا سے حالیہ دنوں میں ٹی وی و فلموں کے اداکار ستیش کال، شوٹر دادی، چندرو تومر، گلوکار پنڈت راجن مشرا، اداکار ویرا ستھیدر، اداکارہ کنوپریا، اداکار نوین اور اداکار کشور ننڈ لاسکر بھی چل بسے۔

علاوہ ازیں کورونا سے گزشتہ ہفتے اینکر اور صحافی روہت سردانا اور باڈی بلڈر جگدیش لاڈ بھی چل بسے تھے۔

کورونا کے باعث گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بھارتی اداکاروں، فنکاروں، پروڈیوسرز صحافی اور باڈی بلڈرز سمیت مجموعی طور پر 16 معروف شخصیات چل بسیں۔

میزبان و اداکارہ کنوپریا بھی تین مئی کو چل بسی تھیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
میزبان و اداکارہ کنوپریا بھی تین مئی کو چل بسی تھیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024