• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

بیٹی کی پیدائش کے 3 سال بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا شادی کا فیصلہ

شائع May 6, 2021
دونوں کے ہاں 2018 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پی
دونوں کے ہاں 2018 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پی

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے 3 سال بعد رواں برس کے اختتام تک شادی کا فیصلہ کرلیا۔

جیسنڈا آرڈرن پہلی مرتبہ 2017 میں 37 سال کی عمر میں نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین وزیر اعظم بنی تھیں اور ان کے ہاں 21 جون 2018 کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

جیسنڈا آرڈرن کے گزشتہ کئی سال سے ٹی وی میزبان 43 سالہ کلارک گفورڈ سے تعلقات ہیں اور دونوں شادی کے بغیر ہی وزیر اعظم ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں۔

دونوں نے اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے بعد مئی 2019 میں منگنی کی تھی تاہم دونوں نے جلد شادی کا ارادہ ظاہر نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے ہاں بچے کی پیدائش

اب بیٹی کی پیدائش کے تین سال بعد دونوں نے رواں برس کے اختتام اور نیوزی لینڈ میں موسم گرما میں شادی کا فیصلہ کرلیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں نیوزی لینڈ میڈیا کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسنڈا آرڈرن نے خود رواں برس شادی کرنے کی تصدیق کی۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اور ان کے منگیتر نے رواں برس موسم گرما میں شادی کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم وہ اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے۔

جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ شادی کی تقریب منعقد کرنے کے حق میں نہیں ہیں، کیوں کہ وہ خود کو شادی کے لیے نوجوان دلہن کے طور پر نہیں دیکھتیں اور انہیں احساس ہے کہ ان کی عمر زیادہ ہو چکی ہے۔

دونوں نے بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد منگنی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
دونوں نے بیٹی کی پیدائش کے ایک سال بعد منگنی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

جیسنڈا آرڈرن نے اگرچہ رواں برس موسم گرما میں شادی کرنے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس تاریخ کو شادی کریں گی لیکن امکان ہے کہ وزیر اعظم دسمبر سے فروری کے دوران کسی بھی وقت شادی کرلیں گی۔

نیوزی لینڈ میں موسم گرما عام طور پر دسمبر سے فروری تک رہتا ہے اور اسی سیزن میں وہاں شادیوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے منگنی کرلی

جیسنڈا آرڈرن پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے بعد دنیا کی وہ دوسری وزیر اعظم بنی تھیں، جنہوں نے وزارت عظمیٰ پر براجمان رہتے ہوئے بچی کو جنم دیا تھا۔

بیٹی کی پیدائش کے لیے جیسنڈا آرڈرن نے بھی بینظیر بھٹو کی طرح چھٹیاں لی تھیں اور بیٹی کی پیدائش کے بعد وہ کم سن بچی کے ساتھ اقوام متحدہ (یو این) کے اجلاسوں سمیت ملک کی اسمبلی میں بھی دکھائی دیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ جیسنڈا آرڈرن رواں برس شادی کے لیے بھی کم از کم 3 دن تک چھٹیاں لیں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

جیسنڈا آرڈرن اکتوبر 2020 میں دوسری مدت کے لیے وزیر اعظم منتخب ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024