• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خوشاب: ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) 73 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب

شائع May 6, 2021
ضمنی انتخاب کے دوران ووٹنگ ٹرن آؤٹ 52.99 فیصد رہا — فائل فوٹو: ٹوئٹر
ضمنی انتخاب کے دوران ووٹنگ ٹرن آؤٹ 52.99 فیصد رہا — فائل فوٹو: ٹوئٹر

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی- 84 خوشاب 3 پر ہوئے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار محمد معظم شیر 73 ہزار 81 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ غیر حتمی نتیجے کے مطابق گزشتہ روز ہوئے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علی حسین خان 62 ہزار 903 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے اُمیدوار 5 ہزار 782 ووٹ حاصل کرکے انتخاب میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں میں تیسرے نمبر پر رہی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) محض 235 ووٹ ہی حاصل کرسکی۔

فارم 47 کے تحت جاری کردہ غیر حتمی نتیجے کے مطابق حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے جس میں سے ایک لاکھ 55 ہزار 89 نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

یوں صوبائی اسمبلی کے اس حلقے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 52.99 فیصد رہا جس میں سے 2 ہزار 792 ووٹ مسترد ہوگئے۔

سال 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں مذکورہ نشست پر مسلم لیگ (ن) کے رکن محمد وارث شاد 66 ہزار 775 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے.

تاہم رواں برس مارچ میں ان کے کورونا وائرس سے انتقال کر جانے باعث صوبائی اسمبلی کی یہ نشست خالی ہوگئی تھی جس پر گزشتہ روز ضمنی انتخاب ہوا۔

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر پارٹی کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے آٹا، چینی چوروں کو مسترد کردیا ہے، الحمداللہ یہ عوام کی طرف سے اس خدمت کا بھی اعتراف ہے جو مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں کی تھی۔

دوسری جانب ایک پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'نوازشریف کو مائنس کرنے والو! دیکھو اللہ کے کام! صرف نوازشریف رہ گیا ہے باقی سب مائنس ہوچکے ہیں'۔

ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوشاب کے غیور عوام کا بہت بہت شکریہ، ایک کلو چینی کے لیے دربدر کی ٹھوکریں آپ کا مقدر نہیں ہو سکتیں، مسلم لیگ (ن) انشااللہ قوم کو اچھے دن لوٹائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024