ہونڈا موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ
اٹلس ہونڈا نے ایک بار پھر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
درحقیقت ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کی وجہ سے کم درآمدی لاگت کے باوجود اٹلس ہونڈا نے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 16 سو سے 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق نئی قیمتیں 3 مئی سے لاگو ہوں گی اور کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔
کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 16 سو روپے کا اضافہ کیا گیا۔
اس نئے اضافے کے بعد سی ڈی 70 کی قیمت 82 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 84 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ 2021 میں صرف 4 ماہ کے دوران ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں اب تک 6 ہزار 6 سو روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں 16 سو جبکہ پرائڈر کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔
جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 88 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 90 ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 14 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح اب سی جی 125 کی قیمت 3 ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 36 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 39 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
سی جی 125 ایس ای کو مزید 3 ہزار روپے مہنگا کردیا گیا اور اس کی قیمت ایک لاکھ 64 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 67 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔
سی بی 125 ایف کی قیمت 3 ہزار روپے کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 97 ہزار 500 روپے کی بجائے 2 لاکھ 500 روپے ہوگئی ہے۔
سی بی 150 ایف کی قیمت میں بھی 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور وہ 2 لاکھ 52 ہزار 500 روپے کی بجائے 2 لاکھ 55 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہوگی۔
اس سے قبل اٹلس ہونڈا نے آخری بار مارچ کے اختتام میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 16 سو روپے کا اضافہ کیا تھا۔
اے ایچ ایل کی جانب سے مالی سال 21 کے 8 ماہ میں 8 لاکھ 36 ہزار 46 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7 لاکھ 194 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
اگست 2020 کے آخری ہفتے سے درآمد کی لاگت میں کمی واقع ہوئی ہے جب 154-155 روپے کی موجودہ شرح کے مقابلے میں ایک ڈالر 168.40 روپے کے برابر تھا لیکن موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کے اسمبلرز قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں