• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

گینگ ریپ اور نسل کشی کی ٹوئٹس کے بعد کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند

شائع May 4, 2021
اداکارہ کے مطابق وہ دوسرے پلیٹ فارم استعمال کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق وہ دوسرے پلیٹ فارم استعمال کریں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کی جانب سے گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازع متعدد ٹوئٹس کیے جانے کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ بند کردیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق کنگنا رناوٹ نے 4 مئی کو اپنی متعدد ٹوئٹس میں بھارتی ریاست مغربی بنگال کے انتخابات کے دوران مبینہ طور پر سیاسی جماعت ترینامول کانگریس (ٹی ایم سی) کی جانب سے خواتین کے گینگ ریپ اور وہاں کے عوام کی نسل کشی کیے جانے سے متعلق دعوے کیے تھے۔

اداکارہ نے اپنی ٹوئٹس میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیداروں کو مینشن کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مغربی بنگال کے انتخابات کے دوران ٹی ایم سی نے وہاں کم از کم 30 افراد کو قتل کیا۔

اداکارہ نے ٹوئٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ مغربی بنگال میں انتخابات جیتنے والی سیاسی جماعت کے ارکان نے لوگوں کے گھروں کو جلایا، خواتین کے ریپ کیے اور پرتشدد کارروائیوں میں 30 افراد کو ہلاک کیا گیا۔

ٹوئٹر پر اداکارہ 3 کروڑ فالوورز تھے—اسکرین شاٹ
ٹوئٹر پر اداکارہ 3 کروڑ فالوورز تھے—اسکرین شاٹ

کنگنا رناوٹ نے سنگین دعوے کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اور عالمی میڈیا مغربی بنگال میں ہونے والے گینگ ریپ اور نسل کشی پر خاموش تماشی بنی ہوئی ہے۔

اداکارہ کی مذکورہ ٹوئٹس کے بعد ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا۔

اسی حوالے سے بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر نے کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔

ٹوئٹ میں ٹوئٹر ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکارہ کی جانب سے مسلسل ضوابط کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے ان کا اکاؤنٹ بند کیا گیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے اکاؤنٹ بند کیے جانے کے بعد کنگنا رناوٹ نے خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اپنی آواز لوگوں تک پہنچانے کے لیے ٹوئٹر کے علاوہ دوسرے پلیٹ فارمز ہیں اور انہیں استعمال کریں گی۔

کنگنا رناوٹ نے اپنا اکاؤنٹ بند ہونے پر کہا کہ ٹوئٹر کی جانب سے ان کا اکاؤنٹ بند کیے جانے سے ثابت ہوگیا کہ وہ امریکی اور سفید فام ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ لوگ وہی بولیں جس کی وہ اجازت دیں۔

علاوہ ازیں کنگنا رناوٹ نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہوں نے بھارتی صدر سے ریاست مغربی بنگال میں گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔

کنگنا رناوٹ نے اپنی ویڈیو میں بھی مغربی بنگال میں گینگ ریپ اور قتل کے واقعات کا ذکر کیا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ٹوئٹس کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جن کی وجہ سے ان کا اکاؤنٹ بند کیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست مغربی بنگال میں پچھلے ہفتے ہی انتخابات ہوئے تھے، جس میں ٹی ایم سی نے واضح اکثریت حاصل کی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ممتا بینرجی ایک بار پھر وہاں وزیر اعلیٰ بنیں گی۔

اداکارہ نے اپنی ٹوئٹس کے اسکرین شاٹ انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیے—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹس کے اسکرین شاٹ انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیے—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024