'فوج کی تعیناتی سمیت دیگر اقدامات کے بعد ایس او پیز پر عملدرآمد میں بہتری آئی ہے'
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ مختلف اقدامات کے باعث قومی سطح پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں بہتری آئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ 'فوج کی تعیناتی سمیت دیگر ٹھوس اقدامات کی بدولت کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد میں نمایاں بہتری آئی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'قومی سطح پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرح 25 اپریل کو 34 فیصد تھی جو 3 مئی کو بڑھ کر 68 فیصد ہوگئی ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا، علمائے کرام بھرپور کردار ادا کریں، معاون خصوصی
ان کا کہنا تھا کہ عید تک خصوصی طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کی سطح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں کچھ کمی آئی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عید کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ رکھنے کی صورت میں معاملات بگڑ سکتے ہیں۔
کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر اس وقت پابندیوں میں سختی کردی گئی ہے جبکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔
24 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔
مزید پڑھیں: جڑواں شہروں میں ایس او پیز پر عمل کروانے کیلئے پاک فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔