• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کا 27 سالہ شادی ختم کرنے کا اعلان

شائع May 4, 2021
دونوں نے مشترکہ طور پر متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے—فائل فوٹو: اے پی
دونوں نے مشترکہ طور پر متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے—فائل فوٹو: اے پی

کئی سال تک دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز رکھنے والے اور 2021 میں فوربز کی فہرست میں دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص قرار پانے والے بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے 27 سالہ شادی ختم کرنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

بل اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس کی جوڑی کا شمار دنیا کی وفادار اور رومانوی ترین جوڑیوں میں ہوتا رہا اور دونوں نے مجموعی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ 34 برس گزارے۔

فرانسیسی نسل سے تعلق رکھنے والی ملنڈا گیٹس امریکا میں ہی پیدا ہوئی ہیں اور انہوں نے 1986 میں بل گیٹس کی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ میں پروڈکٹ منیجر کی ملازمت شروع کی تھی۔

ملازمت کے ایک سال بعد دونوں میں رومانوی تعلقات استوار ہوگئے تھے اور دونوں نے چند سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد 1994 میں شادی کی تھی۔

دونوں کے تین بچے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
دونوں کے تین بچے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

اسی سال بل گیٹس کے والد اور سینئر بل گیٹس نے گیٹس فاونڈیشن قائم کی تھی، جسے 6 سال بعد بل اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے سنبھالتے ہوئے اسے بل اینڈ ملنڈا گیٹس میں تبدیل کیا۔

ملازمت سے محبت اور پھر شادی کے بعد ایک ساتھ نئے فلاحی منصوبے اور کاروبار شروع کرنے سے کامیاب والدین بننے کے بعد ان کی جوڑی کو دنیا کی وفادار اور رومانوی ترین جوڑی مانا جاتا تھا۔

دنیا کے امیر ترین فرد کا اعزاز رکھنے کے باوجود بل گیٹس کو سادہ زندگی گزارنے اور گھریلو کام کرتے ہوئے دیکھنے پر بھی ان کی تعریفیں کی جاتی رہی ہیں۔

بل اور ملنڈا گیٹس کے تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی جینیفر کیتھرائن گیٹس کی عمر 25 سال ہے جب کہ ان کے دو بیٹے بھی ہیں اور ان کی عمریں بھی 20 سال سے زائد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کس طرح اپنے کھربوں روپے خرچ کرتے ہیں؟

تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک جوڑے کی صورت میں تعلقات میں رہنے اور 27 سال تک ازدواجی زندگی گزارنے کے دوران کبھی بھی بل اور ملنڈا گیٹس کے درمیان کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں اور اب اچانک دونوں نے شادی ختم کرنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق دونوں نے 4 مئی کو اپنی ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ دونوں نے مشترکہ طور پر 27 سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا کہ کئی سال تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اب انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ اب وہ شادی شدہ جوڑے کی صورت میں مزید آگے نہیں چل سکتے اور نہ ہی ترقی کرسکتے ہیں۔

دونوں نے ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ اگرچہ انہوں نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وہ مشترکہ طور پر اپنے تمام کاروباری اور فلاحی منصوبے چلائیں گے۔

دونوں کی جانب سے اگرچہ شادی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم طلاق کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں اور یہ واضح نہیں ہے کہ طلاق کے عوض ملنڈا گیٹس کو کتنی دولت ملے گی؟

فوربز کی 2021 کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق بل گیٹس کے پاس 130 ارب ڈالر کی دولت ہے اور وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔

بل گیٹس کی دولت کے علاوہ فلاحی تنظیم بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن کی مالیت بھی اربوں ڈالرز میں ہے اور وہ اس وقت دنیا کی بڑی فلاحی تنظیموں میں سے ایک ہے جو زیادہ تر بچوں اور خواتین کی ویکسینیشن، غذائیت، ماحول اور غربت کے خاتمے پر کام کرتی ہے۔

دونوں نے طلاق کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ گزشتہ برس ہی ملنڈا گیٹس نے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری سے نئی فلاحی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا تھا، جو صنفی مساوات پر کام کرے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان مشترکہ طور پر بل اینڈ ملنڈا گیٹس کو چلانے کا معاہدہ ہوگا اور اس کے علاوہ بھی ملنڈا گیٹس کو طلاق کے عوض شوہر کی نصف تک دولت ملے گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

جوڑے کی سب سے بڑی بیٹی جینیفر کی عمر 25 سال ہے—فائل فوٹو: فیس بک
جوڑے کی سب سے بڑی بیٹی جینیفر کی عمر 25 سال ہے—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024