کنگنا رناوٹ، علی گل پیر کی مزاحیہ ویڈیو کی معترف
بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو تنگ نظر، ڈراما کوئین اور اسکینڈل کوئین بھی کہا جاتا ہے جو اکثر متنازع بیانات دیتی رہتی ہیں۔
کنگنا رناوٹ نے ماضی میں پاکستان کے خلاف بھی کئی بار بیانات دیے ہیں مگر اس بار انہوں نے پاکستانی کامیڈین اور ریپر علی گل پیر کی تعریف کی ہے۔
تاہم حال ہی میں ایک ویڈیو میں اداکارہ کنگنا رناوٹ نے بھارت کی صورتحال پر بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا بحران: پاکستانیوں کی ہمدردی پر کنگنا رناوٹ کا اظہار مسرت
کنگنا رناوٹ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ کورونا کے علاوہ دیگر بہت سی چیزیں پریشان کن ہیں اور میں ان پر بات کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'جب بھی کوئی مسئلہ ہو تو دیگر ممالک مل کر ایسا ردعمل دیتے ہیں جیسا کہ بھارت اور اس کے لوگ ابھی بندروں سے انسان بنے ہوں اور دوسرے ملک بتائیں گے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے'۔
کنگنا رناوٹ نے کہا تھا کہ بھارت میں لاشوں کی تصاویر پر ٹائم میگزین سب سے زیادہ کمائی کررہا ہے، وہ ایسے دکھاتے ہیں جیسے ہم بندر ہیں جنہیں معلوم ہی نہیں کہ میڈیکل انفراسٹرکچر کیا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی این این پر کہا جاتا ہے کہ مودی نے سب تباہ کردیا ہے۔
کنگنا رناوٹ کی اس ویڈیو پر پاکستانی کامیڈین اور ریپر علی گل پیر نے اپنے روایتی انداز میں دوپٹہ اوڑھ کر بولی وڈ اداکارہ کی پیروڈی کی ۔
علی گل پیر نے ٹوئٹ کی کہ 'آپا کنگنا نیوز رپورٹنگ کے خطرات کا موازنہ عالمی وبا سے کرتے ہوئے، اگر خبریں رک جائیں گی تو اموات بھی رک جائیں گی'۔
یہ بھی پڑھیں: حنا الطاف اور ان کے 'لاپتا انڈے والا برگر' پر علی گل پیر کی مزاحیہ ویڈیو وائرل
جس پر کنگنا رناوٹ نے ٹوئٹ کی کہ ' کم از کم آپ مزاحیہ ہیں اور آپ نے مجھے ہنسادیا'۔
اس پر علی گل پیر نے کہا کہ 'ہم بہت سی چیزوں پر اختلاف رکھتے ہوں لیکن کم از کم ہم ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں'۔
خیال رہے کہ ایسا نہیں ہے کہ علی گل پیر صرف مزاحیہ انداز اپناتے ہیں، اس سے قبل امریکی گلوکارہ ریانا کی جانب سے بھارتی کسانوں کی حمایت کرنے پر کنگنا رناوٹ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے علی گل پیر نے اداکارہ بہت تنقید کی تھی۔