• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

آئی پی ایل: 2 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی

شائع May 3, 2021
لیگ نے ایونٹ کے آغاز سے قبل تمام 8 ٹیموں کے لیے بائیوسیکور ببل بنایا تھا — فوٹو: آئی پی ایل ٹوئٹر
لیگ نے ایونٹ کے آغاز سے قبل تمام 8 ٹیموں کے لیے بائیوسیکور ببل بنایا تھا — فوٹو: آئی پی ایل ٹوئٹر

انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں بائیوسیکور ببل کے باوجود دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آج کا میچ ملتوی کردیا گیا۔

آئی پی ایل کے رواں سیزن میں یہ پہلا موقع ہے جب کورونا وائرس کے باعث کوئی میچ ملتوی کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق کھلاڑی ورون چکراوَرتھی اور سندیپ واریئر کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کا میچ آغاز سے چند گھنٹے قبل منسوخ کردیا گیا۔

یہ مثبت کیسز اس وقت سامنے آئے ہیں جب بھارت میں وائرس کے تیزی سے سامنے آنے والے کیسز نے آئی پی ایل پر سوالات کھڑے کیے تھے، جبکہ اکتوبر اور نومبر میں بھارت کی ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

آئی پی ایل منتظمین کے مطابق چکراورتھی اور واریئر نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

لیگ نے ایونٹ کے آغاز سے قبل تمام 8 ٹیموں کے لیے بائیوسیکور ببل بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا کے خوف سے آسٹریلوی کھلاڑی آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس لوٹنے لگے

آئی پی ایل نے کہا کہ اس کے ڈاکٹرز 29 سالہ اسپنر چکراورتھی اور 30 سالہ فاسٹ باؤلر واریئر سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی صحت کی نگرانی کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی انجری چیک اَپ کے لیے ٹیم ہوٹل سے باہر جانے کے باعث متاثر ہوئے۔

یہ 9 اپریل کو آئی پی ایل کے آغاز کے بعد پہلا موقع ہے کہ ایونٹ کے بائیو سیکیور ببل میں کوئی کووڈ-19 کا کیس رپورٹ ہوا ہے اور ایونٹ کے آغاز سے قبل نتیش رانا، اکشر پٹیل اور دیودٹ پڈیکل وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

دوسری جانب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑیوں کے وائرس کا شکار ہونے کے بعد چنائی سپر کنگز کے وملے میں شامل تین اراد بھی وئرس کی زد میں آ گئے ہیں۔

وائرس کا شکار ہونے والوں میں بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور اس وقت فرنچائز کے باؤلنگ کوچ لکشمی پتھی بالاجی، چیف ایگزیکٹو کاسی وسوانتھن اور ایک بس کلینر شامل ہے۔

تاہم ان تینوں کے وائرس کا شکار ہونے کے باوجود چنائی سپر کنگز کا 5 مئی کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ شیڈول کے مطابق ہو گا۔

ادھر دہلی میں بھی کچھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے عملے کے پانچ اراکین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور ان کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ-19 بحران: ٹی20 ورلڈ کپ بھارت سے منتقل کرنے کا متبادل منصوبہ تیار

دہلی کا اُرن جیٹلی اسٹیڈیم اب تک آئی پی ایل کے چار میچوں کی میزبانی کر چکا ہے اور منگل کو ہونے والے مقابلے سمیت اس اسٹیڈیم میں ایونٹ کے مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔

لوکیش راہل ہسپتال میں داخل

کنگز الیون پنجاب کے کپتان لوکیش راُہل کو پیٹ میں درد کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ان کی سرجری کی گئی۔

نوجوان بلے باز اسی وجہ سے اتوار کو دہلی پیٹلز کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے اور اب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید وہ بقیہ ایڈیشن میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں مسلسل بارہویں روز کورونا سے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ کے گئے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرین کی تعداد لگ بھگ 2 کروڑ ہوگئی جبکہ مزید 3 ہزار 417 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 68 ہزار 147 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 99 لاکھ جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 959 ہوگئی ہے۔

آئی پی ایل کے اب تک کے تمام میچز بند دروازوں کے پیچھے ہوئے ہیں، لیکن تین آسٹریلین کھلاڑیوں کے ٹورنامنٹ چھوڑ کر جانے کے بعد منتظمین اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ باقی غیر ملکی کھلاڑی 'مکمل محفوظ' رہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر سفری پابند عائد کیے جانے سے قبل ایڈم زیمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن اپنی، اپنی آئی پی ایل ٹیموں کو چھوڑ کر واپس چلے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں مسلسل 12ویں روز کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کہہ چکا ہے کہ وہ اب بھی آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

9 اپریل کو لیگ کے آغاز سے قبل بنگلور کے آسٹریلین آل راؤنڈر ڈییئل سیمز اور دہلی کیپیٹل کے اسپنر اکشر پٹیل سمیت کئی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کیسز میں اضافے کے بعد کورونا وائرس سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

کھلاڑیوں کے ہر دو روز بعد ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور وہ اپنی ہوٹلوں کے علاوہ باہر سے کھانا نہیں منگوا سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024