کورونا کا شکار رندھیر کپور کی حالت میں بہتری
کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بھارت کے سینئر اداکار رندھیر کپور کی طبیعت اب بہتر ہے اور انہیں آئی سی یو سے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق رندھیر کپور نے کہا کہ 'میری طبیعت بہتر ہے، میں ایک دن آئی سی یو میں رہا اور پھر مجھے وارڈ میں منتقل کردیا گیا کیونکہ مجھے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا نہیں تھا اور نہ آکسیجن کی ضرورت تھی'۔
انہوں نے کہا کہ 'مجھے بہت تیز بخار تھا اب میں بہتر ہوں'۔
رندھیر کپور نے کہا کہ 'میں ہاسپٹل سے باہر آنے کے لیے بے چین ہوں، کورونا وائرس کی وجہ سے میرے بچوں نے ہسپتال میں داخل ہونے کو کہا تھا'۔
مزید پڑھیں: بھارتی اداکار رندھیر کپور بھی کورونا وائرس کا شکار
رندھیر کپور میں 29 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ 'میں نہیں جانتا کہ مجھے کورونا وائرس کیسے لگا، میں حیران ہوں'۔
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ '5 افراد پر مشتمل میرے عملے کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں نے انہیں بھی اپنے ساتھ کوکیلا بین امبانی ہسپتال میں داخل کرایا ہے'۔
انہوں نے علامات سے متعلق بتایا تھا کہ 'مجھے کچھ کپکپی محسوس ہوئی اور میں نے فیصلہ کیا کہ محفوظ ہونا بہتر ہے لہذا میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا لیکن میں ٹھیک ہوں'۔
بعدازاں رندھیر کپور کو کوکیلا بین امبانی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کترینہ کیف سمیت 3 بولی وڈ فنکاروں میں کووڈ 19 کی تشخیص
انہوں نے کہا تھا کہ ہسپتال کا عملہ ان کا بہت زیادہ خیال رکھ رہا ہے، میں ٹینا امبانی کا بہت مشکور ہوں، ہر چیز کنٹرول میں ہے۔
فلم ساز راج کپور کے بڑے بیٹے رندھیر کپور 'کل آج اور کل'، 'جیت'، 'ہمراہی'، 'جوانی دیوانی' اور 'رام پور کا لکشمن' جیسی فلموں کے باعث جانے جاتے ہیں۔
وہ 2014 مین ریلیز ہونے والی فلم 'سپر نانی' میں آخری مرتبہ بڑی اسکرین پر نظر آئے تھے۔