• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلوچستان کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، وزیر سے قلمدان واپس لے لیا گیا

شائع May 3, 2021
یہ جام کمال کی طرف سے ان کی کابینہ میں کی گئی دوسری تبدیلی ہے — فائل فوٹو / بلوچستان اسمبلی ویب سائٹ
یہ جام کمال کی طرف سے ان کی کابینہ میں کی گئی دوسری تبدیلی ہے — فائل فوٹو / بلوچستان اسمبلی ویب سائٹ

وزیر اعظم عمران خان کے کوئٹہ کے حالیہ دورے اور ان کی وزیر اعلیٰ جام کمال الیانی اور بلوچستان اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند سے ملاقاتوں کے باوجود صوبائی کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

وزیر اعلیٰ نے، جنہیں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، اپنے حالیہ اقدام میں سردار محمد صالح بھوتانی سے مقامی حکومت اور دیہی ترقی کی وزارت واپس لے لی۔

یہ جام کمال کی طرف سے ان کی کابینہ میں کی گئی دوسری تبدیلی ہے۔

گزشتہ سال پی ٹی آئی کے وزیر صحت نصیب اللہ مری کو کابینہ سے نکال دیا گیا تھا۔

سردار محمد صالح بھوتانی سے وزارت مقامی حکومت کا قلمدان واپس لینے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ وزارت اب وزیر اعلیٰ اپنے پاس رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کی 10 رکنی کابینہ کی حلف برداری

صالح بھوتانی کو اب تک کوئی نئی وزارت نہیں دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں صالح بھوتانی سے قلمدان واپس لینے کی کسی وجہ کا ذکر نہیں ہے۔

تاہم ذرائع نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے بعد سے ہی وزیر اعلیٰ اور صالح بھوتانی کے درمیان بلدیاتی حکومت کے فنڈز اور ضلع لسبیلہ کے انتظامی افسران کی ردوبدل کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔

سردار محمد صالح بھوتانی طویل عرصے سے کابینہ کے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہو رہے تھے۔

صالح بھوتانی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اس پیشرف سے متعلق ان سے مشاورت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ 'میں اپنے دوستوں، سینئر ساتھیوں اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کر رہا ہوں جس کے بعد اگلے لائحہ کا اعلان کروں گا'۔

تاہم صالح بھوتانی کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ کابینہ چھوڑنے کا فیصلہ کر چکے تھے کیونکہ وزیر اعلیٰ ان کے حلقے میں 'مداخلت' کر رہے تھے اور ان سے مشاورت کے بغیر انتظامی افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں کر رہے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ اور سردار یار محمد رند کے درمیان اختلافات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔

وزیر اعظم کے دورہ کوئٹہ کے دوران یار محمد رند اور پی ٹی آئی کے دیگر اراکین نے ان سے ملاقات کی اور بتایا کہ جام کمال اہم فیصلوں سے قبل پارٹی اور اس کے پارلیمانی رہنما کو اعتماد میں نہیں لے رہے۔

عمران خان نے جام کمال سے بھی ملاقات کی تھی اور وفاقی وزیر اسد عمر سے اتحادیوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم اس سلسلے میں اب تک کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت میں اختلافات،اسپیکر کی وزیر اعلیٰ کےخلاف تحریک استحقاق

دوسرے روز پیشرفت میں حکمران باپ پارٹی کے صوبائی وزرا، سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں نے پارٹی کے صدر جام کمال سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد جاری بیان میں انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ بلوچستان عوامی پارٹی، وفاقی حکومت میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بلوچستان حکومت کے لیے مسائل پیدا کیے گئے تو باپ پارٹی وفاقی حکومت کی سطح پر بہت کچھ کر سکتی ہے، سول سیکریٹریٹ میں بڑی تعداد میں مسلح محافظوں اور گاڑیوں (سردار یار محمد رند کے ساتھ) کی موجودگی بدامنی کا ماحول پیدا کر رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری 'بے بنیاد اور من گھڑت' بیان پر حیرانی اور افسوس کا اظہار کیا۔


یہ خبر 3 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024