وزیراعظم کا 'بغیر پروٹوکول' اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ
وزیراعظم عمران خان نے 'سیکیورٹی اور پروٹوکول کے بغیر' وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مختلف عوامی مقامات کا اچانک دورہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے دورے کے موقع پر کاروباری سرگرمیوں، کووڈ-19 کی ایس او پیز اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اراکین اسمبلی اور وزیراعظم آفس کی جانب سے تصاویر اور ویڈیوز جاری کی گئیں جن میں وزیراعظم عمران خان کو اپنی گاڑی خود ڈرائیو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد کے جی الیون مرکز میں احساس پروگرام کے تحت شروع کیے گئے منصوبے ریڑھی بان کا بھی دورہ کیا اور ان سے ان کے کاروبار کا پوچھا اور ایس او پیز پرعمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے سیکٹر آئی نائن میں سیوریج پلانٹ اور زیر تعمیر کورنگ کرکٹ گراؤنڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
عمران خان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین عامر احمد علی بھی تھے۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'قانون کی پاسداری سب پر لازم ہے، وزیراعظم عمران خان آج دوران ڈرائیونگ ہر بند سگنل پر رکے۔ سگنل کھلنے کا انتظار کیا اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی'۔
ان کا کہنا تھا کہ' وزیراعظم کے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں تھا، باقیوں کو بھی اسی طرح وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرنا ہے'-
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومت میں آنے سے قبل وی آئی پی موومنٹ اور سیکیورٹی پروٹوکول کے سخت خلاف تھے اور وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا اور منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے سادہ طرز زندگی اپنانے کا اعلان کیا تھا۔