• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لاہور میں ہفتہ و اتوار مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

شائع April 30, 2021
پنجاب میں آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں 50 فیصد کیسز لاہور میں سامنے آئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پنجاب میں آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں 50 فیصد کیسز لاہور میں سامنے آئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہفتے کے اختتام پر 2 روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔

کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ایک اعلان میں واضح کیا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز شہر میں تمام کاروباری مراکز اور بازار مکمل طور پر بند رہیں گے۔

البتہ صرف اشیائے ضروریات کی دکانیں اور اہم سہولیات کھلی رہیں گی جو مندرجہ ذیل ہیں:

  • میڈیکل اسٹورز
  • ویکسینیشن سینٹر
  • دودھ دہی کی دکانیں
  • گوشت، چکن وغیرہ کی دکانیں
  • پھلوں سبزیوں کی دکانیں
  • پیٹرول پمپس

کمشنر لاہور نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں انتظامیہ کے اٹھائے گئے سخت فیصلوں کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کریں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پنجاب میں وائرس کے شدید پھیلاؤ کے باعث تعلیمی ادارے بند کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں کووڈ-19 کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی

اس کے علاوہ ملک بھر میں جمعہ اور اتوار کے روز کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

وبا کی حالیہ لہر سے صوبہ پنجاب بالخصوص لاہور بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور پنجاب میں آج مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 18 ہزار 962 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 2 ہزار 296 مثبت آئے، ان میں سب سے زیادہ یعنی تقریباً 50 فیصد کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد ایک ہزار 85 رہی۔

لاہور کے بعد پنجاب کا سب سے متاثرہ ضلع فیصل آباد ہے جہاں 193 جبکہ راولپنڈی میں 150 نئے کیس سامنے آئے۔

صوبے میں کووِڈ 19 کے باعث مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 410 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 3 ہزار 458 اموات لاہور میں رپورٹ ہوئیں۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کا ملک میں 10 سے 15 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

خیال رہے کہ این سی او سی نے پاکستان میں وائرس کے پھیلاؤ کو قابو کرنے کے لیے 5 مئی سے 20 مئی تک بیرونِ ملک سے پروازوں کی آمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کے ساتھ عید الفطر کے موقع پر عوام کو اکٹھا ہونے سے روکنے کے لیے این سی او سی نے گزشتہ روز 8 سے 16 مئی تک کے لیے 'گھر پر رہو، محفوٖظ' رہو پالیسی کا اعلان کیا تھا۔

اس کے تحت ملک میں ہر قسم کی سیاحتی مقامات، پکنک پوائنٹس، ساحل سمندر اور پارکس وغیرہ جانے پر پابندی ہوگی جبکہ چاند رات بازار بھی نہیں لگائے جائیں گے۔

پاکستان میں رواں ماہ اپریل کے دوران اب تک 19 روز 5 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024