• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جمی شیر گل گرفتار

شائع April 29, 2021
جمی شیر گل سمیت عملے کے 35 افراد کو گرفتار کیا گیا— فائل فوٹو: فیس بک
جمی شیر گل سمیت عملے کے 35 افراد کو گرفتار کیا گیا— فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کے شہر لدھیانہ میں شوٹنگ کے دوران کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی پر بولی وڈ اداکار جمی شیر گل اور ہدایت کار ایشور نواس سمیت 35 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق وہ بنا اجازت اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی ویب شو کی ری میک ویب سیریز 'یور آنر' کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ پولیس نے چھاپا مار کر گرفتار کرلیا۔

جمی شیر گل سمیت عملے کے دیگر 35 افراد کے خلاف 27 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایس او پیز کی خلاف ورزی: نائٹ کلب سے سریش رائنا، سوزین خان اور گرو رندھاوا گرفتار

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعے کو مقدمہ ڈویژن نمبر ون پولیس تھانے میں انڈین پینل کوڈ کی دفعات 188 اور 269 اور ایپیڈیمک ڈیزیز ایکٹ کی دفعہ 3 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سب انسپکٹر ہرجیت سنگھ نے بتایا کہ 27 اپریل کو رات 8 بجے لدھیانہ میں واقع آریا سینئر سیکنڈری اسکول میں عملے کے 150 افراد ویب سیریز کی شوٹنگ کررہے تھے۔

ان دنوں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے بھارتی پنجاب میں شام 6 بجے سے صبح 5 بجے تک لاک ڈاؤن نافذ ہوتا ہے۔

تاہم اسکول انتظامیہ نے کہا کہ عملے کی جانب سے لدھیانہ کے پولیس کمشنر راکیش اگروال سے شوٹنگ کی اجازت لی گئی تھی۔

اسکول کے پرنسپل راجندر کمار نے کہا کہ ہم نے عملے کو شوٹنگ کی اجازت اس وقت دی جب انہوں نے پولیس کمشنر سے اجازت لے لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ٹیم نے 10 روز یعنی 23 اپریل سے 2 مئی تک کیمپس کے مختلف حصوں میں شوٹنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سوزین خان نے نائٹ کلب سے گرفتاری کی خبروں کو مسترد کردیا

اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ ہمیں انہوں نے کورونا پروٹوکولز پر عمل کرنے کا کہا تھا اور اس وقت شوٹنگ پریئر گراؤنڈ میں ہورہی تھی جہاں 800 افراد کی جگہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اسکول 1849 میں بنا تھا اور ہم شوٹنگ کے لیے اپنی عمارت کی حدود کے استعمال پر کوئی رقم وصول نہیں کرتے، یہاں کئی فلموں کی شوٹنگ ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بعدازاں جمی شیر گل اور عملے کے دیگر افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جب پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو اس وقت عدالت کے سین کی شوٹنگ ہورہی تھی اور جمی شیر گل اس سیریز میں جج کا کردار ادا کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں ان دنوں کورونا وائرس سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے جس کی وجہ سے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024