• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رضوان عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی مرتبہ ٹی20 کی ٹاپ10 رینکنگ میں شامل

شائع April 28, 2021 اپ ڈیٹ May 10, 2021
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں 5 درجے ترقی پا کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں 5 درجے ترقی پا کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی20 کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کی بدولت پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین بلے بازوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی20 پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 5 درجے ترقی پا کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: حقیقی دنیا میں محمد رضوان کی فلمی کہانی

جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت رضوان کے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ کر 640 ہو گئے ہیں۔

رضوان کی اس سال ٹی20 کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے اور اس سال 10 ٹی20 کرکٹ میچوں میں انہوں نے ایک سنچری اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 106 کی اوسط سے 530 رنز بنائے ہیں۔

البتہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے کیونکہ وہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں زیادہ متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکے۔

بابر اعظم ٹی20 سیریز کے 4 میچوں میں 119 رنز بنا سکے اور ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر آ گئے۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 892 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ ایک درجہ ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20: رضوان کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان 11 رنز سے کامیاب

نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ کونوے چوتھے، بھارت کے ویرات کوہلی پانچویں، جنوبی افریقہ کے وین ڈر ڈوسن چھٹے، بھارت کے لوکیش راہل ساتویں، آسٹریلیا کے گلین میکسویل آٹھویں اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نویں نمبر پر ہیں۔

باؤلرز کی رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور کوئی بھی پاکستانی باؤلر 10 صف اول کے باؤلرز کی فہرست کا حصہ نہیں۔

بائولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان دوسرے اور آسٹریلیا کے ایشٹن ایگار تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستانی باؤلرز میں حارث رؤف 17 درجے ترقی کے بعد 21ویں اور محمد حسنین 52 درجے بہتری کے بعد 65 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک کا مینجمنٹ پر پسند، ناپسند کی بنیاد پر ٹیم منتخب کرنے کا الزام

حسنین کے ساتھ ساتھ لیگ اسپنر عثمان قادر بھی 65ویں نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے یہ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے 12 درجے ترقی کی۔

ٹیم رینکنگ میں قومی ٹیم دو اہم پوائنٹس گنوا چکی ہے لیکن اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئی۔

قومی ٹیم کو 262 پوائنٹس برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں کلین سوئپ کرنا ضروری تھا لیکن ایک میچ ہارنے کی وجہ سے قومی ٹیم دو پوائنٹس گنوا بیٹھی۔

پاکستان کو ایک میچ میہں شکست دینے کی بدولت زمبابوے کی ٹیم ایک درجہ ترقی کر کے رینکنگ میں 11ویں نمبر پر آ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ، تیز ترین 2 ہزار رنزمکمل

عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ کی ٹیم پہلے، بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، پاکستان چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں ، جنوبی افریقہ چھٹے، افغانستان ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، سری لنکا نویں ، بنگلہ دیش دسویں، زمبابوے 11 اور آئرلینڈ 12 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024