• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر

شائع April 28, 2021
فرخ حبیب پارلیمانی سیکریٹری کی حیثیت میں کام کر رہے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
فرخ حبیب پارلیمانی سیکریٹری کی حیثیت میں کام کر رہے ہیں—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کردیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 'فرخ حبیب کو وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مقرر ہونے پر مبارک باد جس کے وہ مستحق تھے'۔

مزید پڑھیں: فواد چوہدری کو دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ اپنے عہدے کا حلف کل اٹھائیں گے'۔

عام انتخابات 2018 میں فیصل آباد کے حلقے این اے-108 سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما اس سے قبل پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

فرخ حبیب الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں فریق کے طور پر اپنی جماعت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری کو رواں ماہ وزیراطلاعات و نشریات کا قلم دان سونپ دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے 15 اپریل کو ٹوئٹر پر فواد چوہدری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مقرر ہونے پر مبارک باد دی تھی۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے اپریل 2019 میں فواد چوہدری سے اطلاعات و نشریات کی وزارت واپس لے کر انہیں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

بعدازاں 28 اپریل 2019 کو سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا تھا تاہم رواں برس وہ سینیٹ میں اپنی مدت مکمل ہونے کے بعد دوبارہ سینیٹر منتخب ہوگئے تھے تاہم وہ وزیر نہیں رہے تھے۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے بھی کام کرچکی ہیں۔

حالیہ برس میں وزیر اطلاعات و نشریات کے قلمدان میں متعدد تبدیلیاں ہوچکی ہیں۔

وزیراعظم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو بھی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا تھا لیکن انہوں نے ستمبر 2020 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہی سوچا ہے کہ سی پیک اتھارٹی پر بہت زیادہ توجہ چاہیے اس لیے فیصلہ کیا کہ میں اپنا سارا زور سی پیک پر لگاؤں گا۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ وزارت اطلاعات میں مزید قابل لوگ موجود ہیں تو اس لیے وہ کام میں ان کے لیے چھوڑوں گا اور میں اپنی توجہ سی پیک پر ہی رکھوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024