• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

کورونا سے متاثرہ شخص کی ہسپتال میں شادی، دُلہن حفاظتی لباس میں ملبوس

شائع April 27, 2021 اپ ڈیٹ April 28, 2021
شادی سے چند روز قبل دلہا میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
شادی سے چند روز قبل دلہا میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

کورونا وائرس کی عالمی وبا نے گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے میں جہاں معمولاتِ زندگی کو متاثر کرتے ہوئے ہر فرد کو ماسک پہننے اور سینیٹائز کرنے پر مجبور کردیا ہے وہیں شادی سمیت دیگر تہواروں کا انعقاد بھی سادگی سے کرنا پڑرہا ہے۔

تاہم بھارت جو ان دنوں وبا کی انتہائی سنگین صورتحال کا شکار ہے وہاں اس دوران اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ پیش آیا جب دلہن نے عروسی لباس کے بجائے کورونا سے بچاؤ کا حفاظتی لباس پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ (پی پی ای) پہن کر وائرس سے متاثرہ شخص سے شادی کی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شادی کی یہ منفرد تقریب بھارت کی جنوبی ریاست کے ہسپتال کے وارڈ میں مختصر پیمانے پر منعقد ہوئی۔

اس جوڑے کی شادی 25 اپریل کو ریاست کیرالہ کے الاپوژا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں ڈسٹرکٹ کلیکٹر کی اجازت کے بعد ہوئی۔

مزید پڑھیں: کورونا متاثرین کی مدد کیلئے اکشے کمار کا ایک کروڑ روپے کا عطیہ

ابھیرامی نامی دلہن کی شادی سرتھمن ایس نامی شخص سے ہوئی جو خود کورونا کا شکار تھے۔

شادی کی تقریب میں کورونا سے متاثرہ دلہے کی والدہ اور ایک قریبی رشتے دار شریک ہوئے، اس موقع پر دلہا دلہن نے پھولوں کے بجائے ایک دوسرے کو تُلسی کے پتوں کے ہار پہنائے۔

دونوں کی شادی ایک برس قبل طے ہوئی تھی تاہم سرتھمن ایس جو خلیجی ملک میں ملازمت کرتے ہیں انہیں اور ان کی والدہ کو شادی سے چند روز قبل ہی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

حالانکہ انہوں نے شادی کے لیے مشرق وسطیٰ سے آنے کے بعد قرنطینہ کرلیا تھا اور ان میں ابتدائی 10 روز تک کوئی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

تاہم 14 اپریل کو انہیں اور ان کی والدہ کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہوا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق دلہے اور ان کی والدہ، دونوں کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور انہیں ہسپتال کے کووڈ وارڈ میں داخل کروایا گیا تھا۔

چونکہ دونوں خاندان پہلے سے طے شدہ 'مہورت' (طے شدہ خاص وقت) پر ہی شادی کا انعقاد چاہتے تھے اس لیے انہوں نے ہسپتال ہی میں شادی کی رسومات ادا کرنے کی اجازت کے لیے حکام سے رجوع کیا تھا۔

جس کے بعد ڈسٹرکٹ کلیکٹر اور ہسپتال حکام نے کووڈ پروڈکولز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا کی سنگین صورتحال، پاکستانیوں کا وزیراعظم سے امداد بھیجنے پر زور

محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دلہن کو حفاظتی کٹ پہننے کا کہا گیا اور صرف 2 رشتے داروں کو شادی میں شرکت کی اجازت دی گئی۔

تقریب کے بعد ابھیرامی اپنے چچا کے گھر لوٹ گئیں جبکہ سرتھمن کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق دلہے کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد دلہن کو رسم و رواج کے مطابق سسرال لے جایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024