• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ، تیز ترین 2 ہزار رنزمکمل

شائع April 25, 2021
بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں 2 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں 2 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے صرف 52 اننگز میں تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کر لیے۔

بابراعظم نے ہرارے اسپورٹس کلب میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں 52 رنز کی اننگز کھیل کربھارتی کپتان ویرات کوہلی سے اعزاز چھین لیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹوئٹر پر بیان میں بابراعظم کومبارک باد دی اور کہا کہ'عظیم بابراعظم نے ایک اور ریکارڈ بنا دیا'۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی بابراعظم کو اس کامیابی پر مبارک باد دی۔

ٹوئٹر پر آئی سی سی نے کہا کہ 'بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کے تیز ترین 2 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں اور انہوں نے صرف 52 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا'۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بھی قومی ٹیم کے کپتان کو مبارک باد کا بیان جاری کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 'بابراعظم کو دنیا میں تیز ترین 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز صرف 52 اننگز میں مکمل کرنے پر مبارک باد'۔

بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے 11 ویں بلے باز بن گئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی سے تیز ترین 2 ہزار رنز کا ریکارڈ چھین لیا ہے۔

ویرات کوہلی نے اس سے قبل 56 اننگز میں 2 ہزار رنز بنائے تھے۔

پی سی بی نے ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ بابراعظم کو 49 ویں اننگز میں 48.50 کی اوسط سے یہ ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے 60 رنز درکار تھے، اس وقت انہوں نے ایک ہزار 940 رنز بنائے تھے۔

بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران14 اپریل کو سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی پہلی سنچری بھی بنائی تھی اور اس میچ میں ٹیم نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

انہیں سیریز کا بہترین کپتان قرار دیا گیا، جس میں انہوں نے 52.50 کی اوسط سے 210 رنز بنائے تھے۔

قبل ازیں بابراعظم نے رواں ماہ ہی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ویرات کوہلی سے ایک روزہ کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بلے باز کا اعزاز بھی چھین لیا تھا۔

بابراعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن پر آگئے تھے تاہم دوسرے میچ میں 31 رنز بنا کر کوہلی سے 5 پوائنٹ پیچھے چلے گئے تھے۔

بعد ازاں سیریز کے آخری میچ میں 94 رنز بنا کر اپنی پوزیشن بحال کردی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اس سے قبل محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 2 ہزار رنز بنائے۔

محمد حفیظ 106 میچوں کی 99 اننگز میں 2 ہزار 388 رنز بنا کر پہلے، شعیب ملک 115 میچوں کی 105 اننگز میں 2 ہزار 323 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بابراعظم 2 ہزار 35 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں، عمر اکمل چوتھے اور احمد شہزاد پانچویں نمبر پر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024