• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'واردات کے دوران راہزنوں کی فائرنگ سے' نوجوان صحافی جاں بحق

شائع April 25, 2021
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں گولی عبدالواحد رئیسانی کے سینے میں لگی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں گولی عبدالواحد رئیسانی کے سینے میں لگی—فائل فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بینک کالونی کے قریب مبینہ طور پر لوٹ مار کی کوشش کے دوران راہزنوں کی فائرنگ سے نوجوان صحافی جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والے صحافی کی شناخت عبدالواحد رئیسانی کے نام سے ہوئی جو روزنامہ آزادی کے سب ایڈیٹر کے عہدے پر کام کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب قمبرانی روڈ کے قریب جب عبدالواحد گھر سے دفتر کی جانب جارہے تھے تو راہزنوں نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی جس پر مزاحمت کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیں:سکھر میں نجی ٹی وی چینل سے منسلک صحافی قتل

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں گولی عبدالواحد رئیسانی کے سینے میں لگی۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی کارکنان عبدالواحد کو ہسپتال لے گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

عبدالواحد رئیسانی گزشتہ 3 سال سے روزنامہ آزادی میں بطور سب ایڈیٹر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

عبدالواحد کے انتقال پر متاثرہ اہلِ خانہ نے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں گزشتہ سال 10 صحافی قتل، متعدد گرفتار ہوئے، سی پی این ای

خیال رہے چند روز قبل اسلام آباد میں ایک پارک میں چہل قدمی کے دوران سینیئر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو گولی ماردی گئی تھی تاہم خوشقسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

اس سے قبل سکھر میں رائل نیوز ٹی وی سے وابستہ اجے لالوانی کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

صحافی پر اجے لالوانی پر مسلح افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ ایک حجام کی دکان پر بیٹھے تھے، جس نتیجے میں صحافی زخمی ہوئے، انہیں سکھر کے سول ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024