• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کینیڈا نے پاکستان اور بھارت سے مسافر پروازوں پر پابندی عائد کردی

شائع April 23, 2021
یہ ایک عارضی قدم ہے اور ہم سامنے آنے والی ہوئی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ، کینیڈا - فائل فوٹو:اے ایف پی
یہ ایک عارضی قدم ہے اور ہم سامنے آنے والی ہوئی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ، کینیڈا - فائل فوٹو:اے ایف پی

کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ عمر الغابرا نے بھارت اور پاکستان سے تمام مسافر پروازوں کو 30 روز کے لیے معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

عمر الغابرا نے بتایا کہ ’پاکستان اور بھارت سے کینیڈا آنے والے مسافروں میں کووڈ 19 کے زیادہ کیسز پائے جانے کے معاملے کے پیش نظر میں بھارت اور پاکستان سے کینیڈا آنے والی تمام تجارتی اور نجی مسافر پروازوں کو 30 دن کے لیے معطل کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک عارضی اقدام ہے جبکہ ہم سامنے آنے والی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں اور آگے بڑھتے ہوئے مناسب اقدامات کا تعین کررہے ہیں‘۔

یہ پابندی جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے نافذ العمل ہوئی۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: 'جمعہ سے نئی بندشوں کا آغاز کریں گے،بڑے شہر بند کرنے پڑ سکتے ہیں'

عمر الغابرا نے کہا کہ یہ پابندی کارگو پروازوں پر لاگو نہیں ہوگی جس میں بالخصوص ویکسین، ذاتی حفاظتی سامان اور دیگر ضروری سامان کی شپمنٹس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں وائرس کے پھیلاؤ میں شدید تیزی دیکھی جارہی ہے جہاں کیسز 3 لاکھ سے زائد رپورٹ کیے گئے۔

وزیر صحت پیٹی حاجدو کا کہنا تھا کہ کینیڈا پہنچنے والے صرف 1.8 فیصد مسافروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت سے کینیڈا آنے والے تمام مثبت کیسز میں سے نصف سے زیادہ بھارت سے آنے والی پروازوں کے تھے جبکہ اسی طرح کیسز پاکستان سے آنے والوں میں بھی سامنے آرہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ بہت زیادہ تعداد ہے، بھارت میں کیسز کی موجودہ صورتحال کو دیکھا جائے تو یہ پابندی بالکل درست ہے جبکہ ہمارے سائنسدان اور محققین خطے میں کیسز کی شرح کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔

کووڈ ہاٹ سپاٹ کیلئے غیر ضروری پروازوں پر پابندی

ہیلتھ کینیڈا کے اعداد و شمار میں ٹورنٹو اور وینکوور جانے والی دہلی سے 18 اور لاہور سے دو پروازوں میں کم از کم ایک مسافر میں بیماری کی تشخیص ہوئی۔

کینیڈا نے گزشتہ دسمبر میں کووڈ کے مختلف اقسام کے پھیلاؤ کے خدشات پر برطانیہ سے پروازوں کو مختصر طور پر معطل کردیا تھا۔

اس سے قبل جمعرات کو پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کی تھی جس میں حکومت سے بھارت اور برازیل سمیت کورونا ہاٹ اسپاٹس سے غیر ضروری پروازوں پر پابندی لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی نئی اقسام ایک دوسرے سے کتنی مختلف ہیں؟

عمر الغابرا نے کہا کہ فی الحال کینیڈا اور برازیل کے درمیان کوئی طے شدہ پروازیں نہیں ہیں تاہم ’اگر صورتحال خراب ہوگی تو ہم دیگر ممالک کے سفر پر پابندی عائد کرنے میں دیر نہیں کریں گے‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں پہلے ہی بھارت میں سامنے آنے والے وائرس کی اقسام کے درجنوں کیسز سامنے آچکے ہیں۔

کینیڈا جانے والے تمام مسافروں کو پہلے ہی 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے پابند ہیں جبکہ بین الاقوامی پرواز میں سوار ہونے سے قبل انہیں ایک منفی کورونا ٹیسٹ پیش کرنا ہوتا ہے جبکہ دوسرا منفی ٹیسٹ کینیڈا پہنچنے پر پیش کرنا ہوتا ہے۔

انفیکشن کی تیسری لہر کے دوران کینیڈا میں گزشتہ روز 9 ہزار نئے کورونا کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 11 لاکھ 51 ہزار 276 ہوگئی جبکہ وائرس سے اب تک ملک میں 23 ہزار 812 اموات بھی ہوچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024