• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

عالمی یومِ ارض پر شجر کاری کی ترغیب دیتا نیا گوگل ڈوڈل

شائع April 22, 2021
عالمی یوم ارض ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے
فوٹو: اسکرین شاٹ—
عالمی یوم ارض ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے فوٹو: اسکرین شاٹ—

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال کی طرح آج (22 اپریل) کو عالمی یومِ ارض منایا جارہا ہے۔

عالمی یومِ ارض کے موقع پر انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے شجرکاری کی ترغیب پر مبنی اپنا خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے۔

گوگل کے نئے ڈوڈل میں گھنے سایہ دار درخت کے نیچے کتاب پڑھتے بچوں اور اردگرد ہریالی اور پھول دکھائے گئے ہیں۔

اس ڈوڈل میں درخت کے اوپر بنے گوگل کے تمام حروف میں پتے موجود ہیں جبکہ تیسرا حرف 'او' درخت ہی ہے۔

مزید پڑھیں: ہماری زمین گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران کیسے بدل گئی؟ گوگل ارتھ سے جانیں

عالمی یوم ارض کے گوگل ڈوڈل میں، معروف سرچ انجن کی جانب سے یوٹیوب ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے جو یوٹیوب پر کلک کرتے ہی نظر آتی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک چھوٹی سی بچی پودا لگاتی ہے اور اس کے بڑے ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پودا ایک تناور اور سایہ دار درخت کی شکل اختیار کرجاتا ہے۔

جس کے بعد ایک بچے کو درخت لگاتے اور اس کے ساتھ بڑھتے دکھایا گیا ہے اور پھر یہ سلسلہ جاری رہتے بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ہر فرد کے پودا لگانے سے درختون کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

گوگل نے عالمی یومِ ارض کے موقع پر اس ڈوڈل سے یہ پیغام دینے کی کوشش ہے کہ 'کس طریقے سے ہر کوئی روشن مستقبل کے لیے ایک وقت میں ایک پودا لگاسکتا ہے'۔

اس ڈوڈل کے حوالے سے گوگل نے کہا کہ 'یہ سیارہ جسے ہم اپنا گھر کہتے ہیں، ہماری پرورش کرتا ہے اور ہمیں متاثر کرتا ہے'۔

گوگل کے مطابق 'ہمارا ماحول ہماری خاطر بہت محنت کرتا ہے اور اس لیے وہ ہم سے بدلے میں اپنا خیال رکھنے کے مطالبے کا حق بھی رکھتا ہے'۔

گوگل نے کہا کہ آج کے ویڈیو ڈوڈل میں رہائش گاہوں میں لگائے جانے والے متعدد درخت دکھائے گئے ہیں، یہ ان بہت سے طریقوں میں سے ایک ہے جو ہم مستقبل کی نسلوں کی خاطر اپنی زمین کو صحت مند رکھنے کے لیے اختیار کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ صرف شجرکاری تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ گوگل کی جانب سے کرہ ارض کی خاطر اٹھائے جانے والے اقدام کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

عالمی یوم ارض کے موقع پر فیس بک نے مختلف سرگرمیوں کا اعلان کیا ہے اور فیس بک موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پر مبنی ایک لائیو اسٹریم کی میزبانی کرے گا۔

علاوہ ازیں واٹس ایپ نے عالمی یوم ارض کے موقع پر اسٹیکر پیک اور وال پیپرز جاری کیے ہیں۔

رواں برس عالمی یومِ ارض ' ہماری زمین کی بحالی' کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے، جس کی توجہ قدرتی عمل، ابھرتی ہوئی گرین ٹیکنالوجیز اور جدید سوچ پر مرکوز ہے جو دنیا کے ماحولیاتی نظام کو بحال کرسکتی ہیں۔

ارتھ ڈے آرگنائزیشن کے مطابق یہ عنوان اس تصور کو مسترد کرتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حل کے لیے تخفیف یا موافقت ہی واحد راستہ ہیں۔

اس حوالے سے ارتھ ڈے آرگنائزیشن نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک پر منحصر ہے کہ وہ اپنی زمین کو بحال کریں صرف اس وجہ سے نہیں کہ ہمیں اس قدرتی دنیا کی پروا ہے بلکہ اس وجہ سے بھی کہ ہم اس پر زندگی بسر کررہے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ 'صحت مند سیارہ ایک آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے'۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں زمین کا عالمی دن 22 اپریل کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کی توجہ کرہ ارض کی حفاظت اور ماحولیاتی آلودگی سے جڑے مسائل کی جانب مبذول کروانا ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی یوم ارض پر گوگل کا دلچسپ گیم ڈوڈل

دنیا میں پہلی مرتبہ ’ارتھ ڈے‘ 1970 میں منایا گیا اور ماحولیات کی بقا کے لیے کوششوں کا آغاز کیا گیا۔

دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی فضائی، زمینی اور آبی آلودگی کے خلاف آگاہی پھیلانے کے لیے دنیا کے 193 ممالک میں باقاعدگی سے اس دن کو منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر لوگوں میں ماحول کی صفائی اور آلودگی پھیلانے سے گریز کے لیے آگاہی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ لوگ اپنے علاقوں میں صفائی کرکے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

سماجی فلاح کے لیے سرگرم تنظیمیں شہر میں سمندر، دریاؤں یا دیگر قدرتی مقامات پر جاکر صفائی کا کام کرتی ہیں اور زمین کو صاف ستھرا رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024