• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 137 اموات، 5 ہزار 445 افراد متاثر

شائع April 20, 2021
ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 66 ہزار 882 افراد متاثر ہو چکے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 66 ہزار 882 افراد متاثر ہو چکے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں کوئی کمی آتی دکھائی نہیں دے رہی جبکہ دوسری جانب ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 445 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 137 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 19 اپریل کو مجموعی طور پر 68 ہزار ٹیسٹس کیے گئے، جن کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 83 ہزار 298 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 66 ہزار 882 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 16 ہزار 453 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار 586 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 67 ہزار 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 20 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 3 ہزار 228 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 104 مریض دم توڑ گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 73 ہزار 566 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 561 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید 809 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 21 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 309 ہے جبکہ 2 ہزار 920 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں تیسری لہر کے دوران صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 737 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 466 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 556 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 530 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 3 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 70 ہزار 609 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 645 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 72 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 15 ہزار 741 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 442 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 60 افراد کو متاثر کیا اور 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار اور اموات کی تعداد 225 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 9 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 191 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد کل ایک مریض انتقال کر گیا، یوں اموات کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024