• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا کے ایک روز میں ریکارڈ ٹیسٹ

شائع April 16, 2021
ملک بھر میں 509 وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز
ملک بھر میں 509 وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز

ملک میں کورونا وبا کے آغاز سے اب تک جمعرات کو سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 10 ماہ میں سب سے زیادہ مثبت کیسز بھی سامنے آئے۔

تمام وفاقی اکائیوں نے ویکسی نیشن کے لیے مختلف شیڈولز جاری کر رکھے ہیں، اور اوقات کو صبح اور شام کی شفٹوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد سینیٹ سیکریٹریٹ کو 16 سے 18 اپریل تک تین روز کے لیے بند کردیا گیا ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں جراثیم کش اسپرے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو 64 ہزار 685 ٹیسٹ کیے گئے، جو فروری 2020 میں وبا کے آغاز کے بعد سے ایک روز میں ٹیسٹ کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

قبل ازیں رواں سال 2 اپریل کو سب سے زیادہ 50 ہزار 186 ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

این سی او سی کے اعداد و شمار میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 5 ہزار 395 کورونا کیسز سامنے آئے جو جون 2020 کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس کے علاوہ وائرس سے مزید 118 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں مسلسل تیسرے روز 100 سے زائد اموات، مزید 5 ہزار 395 کورونا کیسز رپورٹ

ملک بھر میں 509 وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں جن میں سے گوجرانوالہ میں 88 فیصد، لاہور میں 82 فیصد، ملتان میں 81 فیصد اور اسلام آباد میں 51 فیصد استعمال ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب صوابی اور چارسدہ میں 90 فیصد سے زائد آکسیجن بیڈز بھر چکے ہیں۔

کیسز میں اضافے کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار 818 ہوگئی ہے جبکہ 77 ہزار 294 فعال کیسز موجود ہیں۔

جمعرات کو ملک کے ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا مریضوں کی تعداد 5 ہزار 106 تھی۔

اس کے علاوہ ملک میں کورونا سے اب تک 6 لاکھ 46 ہزار 652 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں، جو ایک بڑی تعداد ہے۔

ویکسی نیشن کے اوقات

وفاق کی تمام اکائیوں نے این سی او سی سے رمضان میں ویکسی نیشن کے اوقات شیئر کیے ہیں۔

ڈان کو دستیاب دستاویز کے مطابق پنجاب میں ویکسی نیشن سینٹرز صبح 10 سے 4 اور رات کو 9 سے ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔

سندھ میں تمام ویکسی نیشن سینٹرز صبح 9 سے ایک بجے تک کھلیں گے تاہم اہم سینٹرز رات ساڑھے 8 سے 12 بجے تک بھی کام کریں گے۔

مزید پڑھیں: جون کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 135 اموات رپورٹ

اسی طرح خیبر پختونخوا میں سینٹرز صبح 10 سے 2 بجے تک کھلیں گے جبکہ شہری علاقوں میں ویکسی نیشن سینٹرز رات 10 سے ایک بجے تک دوبارہ کھلیں گے۔

بلوچستان میں ویکسی نیشن سینٹرز صبح 9 سے ایک بجے تک کھلیں گے تاہم کوئٹہ میں سینٹرز رات 8 سے 12 بجے تک دوبارہ کھلیں گے۔

اسلام آباد کے سینٹرز کے اوقات دوپہر 12 سے 4 اور رات 8 سے 12 بجے تک، آزاد جموں و کشمیر میں صبح 9 سے 2 اور رات 8 سے 12 بجے تک جبکہ گلگت بلتستان میں صبح 10 سے 2 اور اہم شہروں میں رات 9 سے 12 بجے تک ہوں گے۔


یہ خبر 16 اپریل 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024