• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں مقیم 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تصدیق کی مہم کا آغاز

شائع April 15, 2021
تصدیق کا یہ عمل 6 ماہ تک جاری رہے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
تصدیق کا یہ عمل 6 ماہ تک جاری رہے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومتِ پاکستان نے ملک میں مقیم لگ بھگ 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے ڈیٹا کی تصدیق کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کردیا۔

انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ان کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا اور تصدیق کے بعد اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

اس ضمن میں اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین، پاکستان کے کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے جو 10 سال بعد شروع کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں افغان مہاجرین کو اسمارٹ کارڈز جاری کیے جائیں گے

یہ اقدام امریکی صدر جو بائیڈن کے 11 ستمبر سے قبل افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد شروع ہوا ہے، جو دہائیوں سے جاری جنگ کا خاتمہ کرسکتا ہے اور مہاجرین کی جلد وطن واپسی کا باعث بن سکتا ہے۔

کمشنریٹ کے ترجمان محمد عثمان کے مطابق رجسٹرین کے عمل کے لیے ملک بھر کے 35 علاقوں میں 600 حکومتی اور یو این ایچ سی آر کے عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے اور اس عمل میں موبائل وینز بھی حصہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ 'یہ سہولت غیر رجسٹرڈ مہاجرین کے لیے نہیں ہے'۔

کمشنریٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ملک گیر مہم 6 ماہ تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ مہاجرین کے اندراج اور اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی حوصلہ افزائی کے لیے جلد ہی ایک پالیسی متعارف کروائی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں لگ بھگ 30 لاکھ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افعان مہاجرین مقیم ہیں جو ترکی میں شامی مہاجرین کے بعد دنیا کی سب سے بڑی مہاجر آبادی ہیں۔

رواں برس مارچ میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ افغان مہاجرین جن کے 'پروف آف رجسٹریشن' (پی او آر) کارڈز کی مدت 2015 میں ختم ہوچکی ہے انہیں رواں برس تصدیق کے بعد نئے اسمارٹ کارڈز جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال افغان مہاجرین کی واپسی میں نمایاں کمی

6 ماہ کے عمل میں نادرا ان رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے ڈیٹا کی تصدیق اور اسے اپڈیٹ کرے گا جن کے پاس 31 دسمبر 2015 کی حتمی تاریخ والے پی او آر کارڈز ہیں۔

یہ کام 'افغان مہاجرین کے حل کی حکمت عملی کے لیے سپورٹ پلیٹ فارم' کے فریم ورک میں کیا جارہا ہے جس سے نئی شراکت داری کو فروغ اور انسانی اور ترقیاتی سرمایہ کاری کے مابین مضبوط اسٹریٹجک روابط قائم ہوں گے۔

نیا اسمارٹ کارڈ افغان مہاجرین کو ان کی شناخت کا تجدید شدہ ثبوت فراہم کرے گا، پاکستان میں ان کے تحفظ کو فروغ اور سروسز تک رسائی محفوظ تیز اور مزید مؤثر بنا کر شناختی توثیق کو آسان بنانے میں مدد دے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024