• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

تحریک لبیک پاکستان کالعدم قرار، نوٹیفکیشن جاری

شائع April 15, 2021
وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا— فوٹو: اے پی
وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا— فوٹو: اے پی

حکومتِ پاکستان نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دے دیا اور وزارت داخلہ نے تنظیم پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے پاس یہ ماننے کے لیے مناسب وجہ موجود ہیں کہ تحریک لبیک پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے اور انہوں نے ایسے کام انجام دیے جس سے ملک کے امن اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی دھرنا: وزارت داخلہ کا قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ انہوں نے عوام کو اشتعال دلاتے ہوئے ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا کی جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نقصان پہنچا اور کچھ کی موت واقع ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق مشتعل افراد نے معصوم عوام کو بھی نقصان پہنچایا، بڑے پمانے پر رکاوٹیں کھڑی کیں، دھمکی آمیز رویہ اپنایا اور نفرت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں سمیت سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔

وزارت داخلہ کے مطابق مشتعل افراد نے ہسپتال کو ضروری اشیا کی ترسیل بھی روک دی اور عوام اور حکومت کو دھمکیاں دیں جس سے معاشرے میں خوف و ہراس اور عدم استحکام کی فضا پیدا ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں حکومتِ پاکستان اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11 بی (1) کے تحت تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کررہی ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ٹی ایل پی کو ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا— فوٹو: اے پی
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ٹی ایل پی کو ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا— فوٹو: اے پی

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی ہے اور آج پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ اس وقت لاہور کے یتیم خانہ چوک کے سوا پورے پاکستان کی ٹریفک کو بحال کیا جا چکا ہے جس کا تمام سہرا پولیس اور رینجرز کو جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی ایل پی سربراہ سعد رضوی، اعلیٰ قیادت کیخلاف دہشت گردی اور قتل کا مقدمہ

ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کے حوالے سے نوٹیفکیشن پر وزرا نے دستخط کر دیے ہیں اور وزیر قانون اور سیکریٹری بیٹھے ہوئے ہیں تاکہ ٹی ایل پی پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور تحریک لبیک پر پابندی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹی ایل پی کو ختم کرنے بھی جا رہے ہیں اور کل اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ریفرنس داخل کرنے کے لیے کابینہ کو دوبارہ بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ بات چیت سے معاملات طے ہوں، مسائل حل ہوں لیکن ان کے ارادے بڑے خوفناک تھے اور وہ کسی صورت میں 20 تاریخ کو اپنے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہتے تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وہ تین مرتبہ پہلے بھی آ چکے ہیں اور چوتھی مرتبہ بھی آنے پر بضد تھے اس لیے ہم نے ملک میں امن و امان کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کے لیے پولیس والوں نے جانیں دیں اور 580 پولیس اہلکار زخمی ہیں، 30 گاڑیاں تباہ ہوئیں اور میں تمام شہدا اور پولیس اہلکاروں کو سلام یش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کو ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 17 (2) اور الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 212 کے تحت کل کابینہ میں دوسری سمری بھی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز نے جس ہمت اور جرات سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے، اس کو وزیر اعظم اور پوری قوم نے بہت سراہا ہے اور پوری قوم نے اس پر سکھ کا سانس لیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ میں گزشتہ دو سال سے مسلسل تحریک لبیک سے رابطے میں رہے اور کوشش کی کہ وہ مرکزی دھارے کی سیاسی جماعت کے طور پر نظام کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلسل ملاقاتیں ہوئیں اور اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کے حوالے سے ہم کبھی بھی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے، قرارداد کے متن اور ڈرافٹ کے حوالے سے حکومت ایک ایسے ڈرافٹ کی تجویز دے رہی تھی جس سے ملک کے لیے منفی سفارتی اثرات کم سے کم ہوں اور ہم عالمی سطح پر کسی دوسرے بحران کا شکار نہ ہو جائیں۔

مزید پڑھیں: مختلف مقامات پر ٹی ایل پی کا احتجاج، تشدد سے پولیس کانسٹیبل ہلاک، املاک نذر آتش

انہوں نے کہا کہ ہم ان سے اس بارے میں بات کررہے تھے تو وہ اپنا متن پیش کررہے تھے اور جب ہمارے اور ان کے مذاکرات جاری تھے تو باوثوق ذرائع سے پتا چلا کہ 20 اپریل کو فیض آباد میں دھرنا دینے کی بھی بھرپور تیار کی جا رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 اپریل کو احتجاج کے لیے ویڈیو پیغامات بھی جاری کیے گئے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات منطقی انجام تک نہیں پہنچے تھے تو انہیں اس طرح کی ویڈیو جاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ان سے کہا کہ ہم اسپیکر صاحب سے کہہ کر ایک پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کرتے ہیں اور آپ ان کے ساتھ بیٹھ کر قائل کریں اور مشاورت سے ایک متفقہ ڈرافت تیار کریں لیکن وہ کسی طور پر پارلیمانی کمیٹی یا متفقہ ڈرافٹ کو لانے کے لیے تیار نہیں تھے اور بضد تھے کہ ہم جو کچھ کہتے ہیں اسے مانا جائے اور پارلیمنٹ سے منظور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام منت سماجت کرنا نہیں ہوتا لیکن سیاسی جماعت اور منتخب جمہوری حکومت کے طور پر ہم نے ان کو مذاکرات کے ذریعے منانے اور سمجھانے کی بھرپور کوشش کی لیکن یہ تمام کوششیں رائیگاں گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا

نور الحق قادری نے کہا کہ اس سے قبل کئی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو گرفتار کیا جاتا رہا ہے لیکن گرفتاری پر جس طرح کا ردعمل دیا گیا وہ کسی صورت شرعی، اخلاقی یا دینی نہیں کہا جا سکتا اور ہم سمجھتے ہیں کہ ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ اسلامی ممالک کے سب سے اہم رکن پاکستان کا کام ہے اور پاکستان دنیا کے ہر فورم پر یہ کام کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے مسئلے پیدا کرنے کے لیے کسی قیمت پر تیار نہیں تھے اور سفیروں کو نکالنے کے نتیجے میں یورپی یونین وغیرہ میں حالات بہت پیچیدہ ہو جاتے، اس لیے وہ نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور فیصلے عدالتوں میں ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی میں کوئی قرارداد نہیں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک لبیک والے تو 2016 یا 2017 میں سامنے آئے ہیں لیکن پاکستان میں ختم نبوت ﷺ کے لیے مجھ سے زیادہ کسی نے قربانی دی ہے تو اس کا نام سامنے لائیں، قوم کو اس طریقے سے افرا تفری کا شکار کر کے مشتعل کرنے کا ایجنڈا کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

یاسین محمد Apr 15, 2021 11:33pm
نہایت ہی مستحسن اقدام ہے۔کاش کہ یہ اقدامات کافی پہلے ہی اٹھائی جاتیں تو اب تک تواتر سے پیش آنے والے واقعات جنم نہ لے پاتے۔اب ریاست دوبارہ کسی سمجھوتے یا نرمی کا مظاہرہ نہ کرے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024