• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جون کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 135 اموات رپورٹ

شائع April 14, 2021
ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 76 ہزار 757 تک پہنچ چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 76 ہزار 757 تک پہنچ چکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، ساتھ ہی رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 681 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 135 مریض انتقال کر گئے جو جون کے بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 13 اپریل کو مجموعی طور پر 48 ہزار 92 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.7 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 76 ہزار 757 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 34 ہزار 423 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 754 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 645 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 41 ہزار 912 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 13 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 775 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 55 ہزار 571 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 79 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 141 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید ایک ہزار 770 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 49 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 45 ہے جبکہ 2 ہزار 732 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 508 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 67 ہزار 491 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 619 ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 366 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 840 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 530 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 837 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 410 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 102 افراد کو متاثر کیا اور 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 499 اور اموات کی تعداد 219 تک پہنچ گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 10 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 140 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024