• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں پہلا روزہ بدھ کو ہوگا

شائع April 13, 2021
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی— فوٹو:سراج الدین
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی— فوٹو:سراج الدین

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور ملک بھر میں پہلا روزہ بدھ (14 اپریل) کو ہوگا۔

پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں کل سے ماہ رمضان کی ابتدا کا اعلان کیا۔

دیگر کمیٹی اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پشاور کی زونل کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا'

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پاکستان بھر میں کئی مقامات پر مطلع صاف رہا اور چاند کے حوالے سے شہادتیں موصول ہوئیں اور جمِ غفیر نے چاند دیکھا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام آباد، کراچی، بدین، سوات، مالاکنڈ، راجن پور اور قصور کے مقامات پر رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا لہذا اتفاق رائے سے طے پایا کہ یکم رمضان المبارک 1442 ہجری 14 اپریل 2021 کو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم کو مبارک ہو، یہ مہینہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے سامنے گڑگڑانے کا مہینہ ہے اور اللہ سے مانگنے کا ہے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ اس وقت جن حالات سے پاکستان اور مسلم امہ گزر رہی ہے، اس میں ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفار کی جائے اور کورونا وائرس کی وبا سے پاکستانیوں اور پوری دنیا کی نجات کے لیے دعا کریں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'آج آپ نے دیکھا کہ پشاور سے ایک ایسا فیصلہ ہوا جو پاکستان کے لیے ایک وحدت کا پیغام بنا ہے'۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ کمیٹی نے تین ماہ تک ملک بھر کے علما سے ملاقاتیں کیں، یہ بہت مبارک بات ہے کہ پوری قوم ایک ساتھ روزہ رکھے گی۔

مفتی پوپلزئی کا اعلان

دوسری جانب مفتی پوپلزئی نے بھی کل بروز بدھ سے رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا۔

مفتی پوپلزئی نے کہا کہ نوشہرہ سے 18، بنوں سے 70 جبکہ مردان سےچاند دیکھنے کے 15 شہادتیں موصول ہوئی۔

خیال رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ انہیں اس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مقامی کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں ہی ہوا تھا۔

17 سال بعد پشاور میں مرکزی کمیٹی کا اجلاس

قبل ازیں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 سال بعد خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہوا تھا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس عید گاہ چارسدہ روڈ پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف کے دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یسین ظفر، مفتی محمد اقبال چشتی، مفتی فیصل احمد، سید علی کاکڑ نقوی، مفتی یوسف کشمیری، حافظ عبدالغفور، مفتی فضل جمیل رضوی، مفتی قاری میراللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، علامہ پیر سید شاہ جیلانی، مولانا اسد زکریا قاسمی، مفتی ضمیر احمد ساجد نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا چاند دیکھنے کیلئے سائنسی طریقہ اختیار کرنے کا عندیہ

رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں اسپارکو کے نمائندے غلام مرتضیٰ، نمائندہ محکمہ موسمیات ڈاکٹر عظمت حیات خان اور نمائندہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین بھی شریک تھے۔

بعدازاں اسلام آباد، کراچی اور لاہور سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی جس پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا تھا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ ایسی خبر نہ پھیلائیں جس سے وحدت کو نقصان پہنچے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا تھا کہ آج پشاور سے وحدت کا پیغام پوری دنیا کو جائے گا، چاند نظر آنے کی شہادتوں کا انتظار کیا جائے گا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا تھا کہ جب تک حتمی فیصلہ نہ ہو افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے کہا تھا کہ اس سال پورے ملک میں رمضان المبارک کا آغاز اور اختتام ایک ساتھ ہوگا۔

ان سے قبل 3 اپریل کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان میں رواں سال پہلا روزہ 14 اپریل 2021 کو ہوگا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزارت ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ انشا اللہ سال 1442 ہجری کے رمضان کا چاند 13 اپریل 2021 کی شام نظر آجائے گا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ رمضان کا چاند اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں صاف دکھائی دے گا۔

خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'اس سال پورے ملک میں ایک ساتھ رمضان المبارک کا آغاز اور اختتام ہوگا'

تاہم گزشتہ 2 برسوں سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رمضان سے کافی پہلے ہی چاند نظر آنے کی تاریخ کا اعلان کردیتے تھے، البتہ رواں برس رمضان المبارک کے چاند کا اعلان وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پلیٹ فارم سے کیا گیا۔

گزشتہ برس بھی فواد چوہدری نے فروری کے مہینے میں ہی اعلان کردیا تھا کہ رمضان کا پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا بعدازاں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس اعلان کی توثیق ہوگئی تھی بعدازاں عید کے لیے بھی ان کی اعلان کردہ تاریخ درست ثابت ہوئی تھی۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں وفاقی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کو عہدے سے ہٹا کر بادشاہی مسجد لاہور کے مہتمم مولانا عبدالخبیر آزاد کو کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کردیا تھا۔

بعدازاں ایک بیان میں کمیٹی کے نئے سربراہ مولانا عبدالخبیر نے عید سمیت مذہبی تہواروں میں تنازعات کو ختم کرنے کے لیے شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے چاند دیکھنے کے لیے سائنسی معلومات سے استفادہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024