• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شوبز کے امور سے متعلق قانون سازی کے اعلان پر فنکار، فیصل جاوید کے معترف

شائع April 13, 2021
علی ظفر اور میکال ذوالفقار نے بھی فیصل جاوید کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
علی ظفر اور میکال ذوالفقار نے بھی فیصل جاوید کا شکریہ ادا کیا—فائل فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اور سینیٹ کی اطلاعات و نشریات کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید خان کی جانب سے شوبز شخصیات کے معاوضوں پر قانون سازی کے اعلان کے بعد اداکار ان کے اس اقدام کو سراہا رہے ہیں۔

فیصل جاوید خان نے 12 اپریل کو اپنی دو مختصر ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ وہ پاکستان میں ڈراما و فلم پروڈیوسرز کی جانب سے فنکاروں کو کم معاوضہ یا ڈراموں یا فلموں کے دوبارہ نشر کیے جانے پر انہیں دوبارہ معاوضہ نہ دیے جانے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قانون سازی پر کام کر رہے ہیں۔

فیصل جاوید خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ دنیا کے دوسرے ممالک میں ڈراموں یا فلموں کے دوبارہ نشر ہونے پر اداکاروں کو دوسری مرتبہ معاوضہ ملتا ہے جب کہ تیسری مرتبہ بھی نشر کرنے پر انہیں معاوضہ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا اور ساتھ ہی لکھا کہ ہمارے ہاں تو پہلے ہی بہت سارے فنکاروں کو کام کا یا تو معاوضہ ہی نہیں دیا جاتا یا پھر بہت کم دیا جاتا ہے۔

فیصل جاوید خان کے مطابق ملک میں ایسا کوئی قانون یا پالیسی نافذ نہیں ہے، جس سے مذکورہ مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ اس سنگین مسئلے کو حل کرنے کے لیے قانون سازی کرنے میں مصروف ہیں اور وہ متعلقہ معاملے پر اسٹیک ہولڈرز سے بھی رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میکال ذالفقار کا پرانے ڈرامے دوبارہ نشر ہونے پر دوبارہ معاوضے کا مطالبہ

فیصل جاوید خان نے بتایا کہ جلد ہی وہ فنکاروں کو ان کے حقوق دلانے کا قانون سامنے لائیں گے، جس سے فنکاروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا اور وہ بہتر معاوضہ حاصل کریں گے۔

فیصل جاوید خان نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس ضمن میں نئی قانون سازی کر رہے ہیں یا پھر ستمبر 2020 میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے کی گئی ہدایات کے مطابق قانون سازی کرنے میں مصروف ہیں۔

فیصل جاوید خان سے قبل وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی اکتوبر 2020 میں ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق قانون سازی تیار کرلی ہے اور اسے مارچ 2021 تک نافذ کیا جائے گا۔

اسی طرح پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان بھی ماضی میں بتا چکی ہیں کہ حکومت نے شوبز انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اقدامات اٹھاکر شوبز انڈسٹری کو ایک صنعت کا درجہ دینے سے متعلق اقدامات کرلیے۔

مزید پڑھیں: نائلہ جعفری کا بھی پرانے ڈرامے نشر کیے جانے پر دوبارہ معاوضے کا مطالبہ

تاہم اب فیصل جاوید خان کی جانب سے بھی شوبز انڈسٹری کے لیے قانون سازی کرنے کا اعلان کیا گیا، جو کو شوبز شخصیات نے سراہا ہے۔

متعدد شوبز شخصیات نے فیصل جاوید خان کی ٹوئٹس پر ان کا شکریہ ادا کرنے سمیت ان کی ٹوئٹس کو شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور مذکورہ قانون سازی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند سال سے مختلف شوبز شخصیات پرانے ڈراموں یا فلموں کو دوبارہ نشر یا ریلیز کرنے پر فنکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ دینے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔

فنکاروں کے مطابق جب ٹی وی مالکان یا پروڈیوسر پرانے ڈراموں یا فلموں سے دوبارہ پیسے کما سکتے ہیں تو پھر فنکاروں کو بھی دوبارہ معاوضہ ملنا چاہیے۔

اور اب فیصل جاوید خان نے اسی حوالے سے قانون سازی کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024