ملک میں کورونا سے رواں سال کی ایک روز میں سب سے زیادہ 118 اموات
ملک میں کورونا وائرس سے رواں برس ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں اور 118 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ وبا کی شدت میں تیزی آرہی ہے۔
کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 4 ہزار 318 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 118 مریض انتقال کر گئے۔
وبا کی تشخیص کے لیے 12 اپریل کو مجموعی طور پر 50 ہزار 520 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.5 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 76 ہزار 34 تک پہنچ چکے ہیں۔
ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 29 ہزار 920 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 619 زندگی کی بازی ہار گئے۔
علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 432 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 38 ہزار 267 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔
کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
پاکستان میں 13 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:
پنجاب
وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 515 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔
پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 52 ہزار 974 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 74 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 62 تک پہنچ گئی ہے۔
خیبر پختونخوا
حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز 680 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 32 مریض دم توڑ گئے۔
خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 275 ہے جبکہ 2 ہزار 683 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
سندھ
ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 348 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 474 ہو گئی ہے۔
صوبے میں کورونا وائرس سے پیر کو کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں سندھ میں اموات کی تعداد 4 ہزار 530 پر برقرار ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 76 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 مریض جاں بحق ہوئے۔
یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 397 اور اموات کی تعداد 217 ہو گئی۔
اسلام آباد
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 603 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 6 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 66 ہزار 983 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 17 ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 98 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض دم توڑ گئے۔
آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 687 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 407 انتقال کر گئے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 130 ہوگئے۔
گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔