• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جنوبی افریقہ نے رضوان کو آؤٹ کرنے کیلئے کیا منصوبہ بنایا تھا؟

شائع April 12, 2021
محمد رضوان کریز سے نکل کر شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے— فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان کریز سے نکل کر شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی اور اس جیت کا سہرا جیارج لنڈے کے سر رہا جنہوں نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو دوسرے ٹی20 میں یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر گزشتہ میچ میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ وصول کرنے والے محمد رضوان جنوبی افریقی باؤلر جیارج لنڈے کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اسپنر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے محمد رضوان کو آؤٹ کرنے کے لیے منصوبہ بنایا تھا۔

لنڈے نے کہا کہ ان کی ٹیم نے جان بوجھ کر مڈ آف پر کھڑے ایڈن مرکرم کو 30 گز کے دائرے کے اندر کھڑا کیا تھا تاکہ رضوان ان کے اوپر سے شاٹ کھیلنے کی کوشش کریں۔

جنوبی افریقہ کا یہ منصوبہ کام کر گیا اور رضوان نے پہلی گیند پر قدم نکال کر مڈ آف کے اوپر سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن مرکرم کو کیچ دے بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ مسلسل دوسرے برس ملتوی، 2022 میں انعقاد کا اعلان

میچ میں 23 رنز دے کر تین اہم وکٹیں لینے والے باؤلر نے کہا کہ ہم نے ایک کھلاڑی اوپر کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور جب رضوان نے قدم نکال کر شاٹ کھیلا تو مجھے اپنے منصوبے کی کامیابی پر بہت خوشی ہوئی۔

لنڈے نے صرف عمدہ باؤلنگ ہی نہیں کی بلکہ فیلڈنگ میں بھی متحرک نظر آئے اور تین کیچز لیے۔

ان کی اس کارکردگی کے سبب پاکستان کی ٹیم ایک اچھی بیٹنگ وکٹ پر مسلسل جدوجہد کرتی نظر آئی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز ہی بنا سکی۔

واضح رہے کہ میچ کے آغاز سے قبل جنوبی افریقی کپتان نے امید ظاہر کی تھی کہ گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی 180 سے 190 رنز اسکور کیے جائیں گے۔

ہدف کے تعاقب میں باؤلرز کی طرح میزبان بلے بازوں نے بہترین کھیل پیش کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنوبی افریقہ نے 6 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف فتح، پاکستانی ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا

جس وکٹ پر بابر اعظم جدوجہد کرتے نظر آئے اور 50 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، اسی وکٹ پر ایڈن مرکرم نے نصف سنچری بناتے ہوئے 30 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ ہنری کلاسن اور جیارج لنڈے نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

بابر اعظم نے میچ میں شکست کی وجہ حد سے زیادہ جارحانہ انداز کو قررا دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں جلد وکٹیں گرنے سے نقصان ہوا جبکہ جنوبی افریقہ باؤلرز نے بھی شاندار کھیل پیش کیا۔

جنوبی افریقی کپتان نے اس فتح کا سہرا اپنے باؤلرز کے سر باندھتے ہوئے لنڈے کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ باؤلر سیاندا مگالا کی بھی تعریف کی۔

مگالا پہلے اوور میں کچھ نروس نظر آئے اور تین نوبال اور تین وائیڈ سمیت 18 رنز دے بیٹھے لیکن انہوں نے ہمت نہ ہارتے ہوئے میچ میں شاندار کم بیک کیا۔

کلاسن نے بتایا کہ مگالا نے پہلے اوور میں زیادہ رنز پڑنے کے باوجود خود سے دوسرا اوور مانگا اور کہا کہ آج میں آپ کا بہترین باؤلر بنوں گا اور یہ ثابت بھی کر کے دکھایا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں ہوں گے

مگالا نے اس کے بعد اگلے تین اوورز میں صرف 14 رنز دے کر بابر اعظم کی قیمتی وکٹ حاصل کی جو ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ بھی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے بقیہ دونوں میچز سنچورین میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024