• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 4 ہزار 584 افراد متاثر، 3 ہزار 135 صحتیاب

شائع April 12, 2021
گزشتہ روز ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.29 فیصد رہی — فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ روز ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.29 فیصد رہی — فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے لیکن اس کے باوجود عوام میں وبا سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کی صورتحال حوصلہ افزا نہیں۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 4 ہزار 584 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 58 مریض انتقال کر گئے۔

وبا کی تشخیص کے لیے 11 اپریل کو مجموعی طور پر 44 ہزار 514 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.29 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 75 ہزار 266 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 25 ہزار 602 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 501 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 135 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 34 ہزار 835 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 12 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 21 افراد اس وائرس کا شکار بنے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 50 ہزار 459 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 21 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 988 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید ایک ہزار 294 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 33 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 99 ہزار 595 ہے جبکہ 2 ہزار 651 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 680 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 4 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 66 ہزار 380 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 611 ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 376 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 126 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 530 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 133 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 14 ہزار 594 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 403 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 80 افراد کو متاثر کیا اور کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار 321 اور اموات کی تعداد 215 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 127 ہے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024