• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایشیا کپ مسلسل دوسرے برس ملتوی، 2022 میں انعقاد کا اعلان

شائع April 11, 2021
گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے ایشیا کپ ملتوی ہوا تھا—فائل فوٹو: کریٹیو کامنز
گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے ایشیا کپ ملتوی ہوا تھا—فائل فوٹو: کریٹیو کامنز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2022 تک ملتوی ہوگیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے مذکورہ بیان 10 اپریل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے 62ویں ورچوئل اجلاس میں بریفنگ کے دوران دیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران چیئرمین احسان مانی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ ساتھ رواں برس ہونے والے آئی سی سی 'ٹی 20 ورلڈ کپ' اور اے سی سی ایشیا ورلڈ کپ پر بات چیت کی، جو اب 2022 تک ملتوی ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2020 ملتوی کرنے کا اعلان، ایونٹ 2021 میں ہوگا

تاہم اعلامیے میں رواں برس ایشیا کپ ملتوی ہونے سے متعلق مزید کوئی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

تاہم ابھی تک ایشیا کپ کا انعقاد کرنے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایونٹ ملتوی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے گزشتہ برس جولائی میں ایشیا کپ کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا تھا اور 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ذمے دارانہ انداز میں ٹورنامنٹ کا انعقاد ایشین کرکٹ کونسل کی اولین ترجیح ہے اور بورڈ اس کے 2021 میں انعقاد کے لیے پراُمید ہے اور جون 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے کام کر رہا ہے۔

یہ پڑھیں: گنگولی کا ایشیا کپ 2020 کی منسوخی کا اعلان

خیال رہے کہ سال 2020 میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی لیکن پاکستان نے سری لنکا سے میزبانی کا تبادلہ کر لیا تھا۔

دونوں بورڈ کی باہمی رضامندی سے طے ہونے والے معاملات کے تحت سری لنکا کرکٹ 2021 میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا اور 2022 کے ایشیا کپ کی میزبانی کا شرف پاکستان کرکٹ بورڈ کو حاصل ہو گا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ گزشتہ کچھ عرصے سے دو فارمیٹس ون ڈے اور ٹی20 کے تحت کھیلا جا رہا ہے اور جس سال ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہوتا ہے، اس سال ایونٹ کو ٹی20 فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے لیکن پھر دوسرا ایڈیشن 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت منعقد ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے، چیئرمین پی سی بی

2020 میں ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہونے کی وجہ س ایشیا کپ ٹی20 فارمیٹ کے تحت منعقد ہونا تھا جو کورونا کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔

اب تک ایشیا کپ کے مجموعی 14 ایڈیشن منعقد ہو چکے ہیں اور بھارت کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ فاتح بننے کا اعزاز حاصل ہے۔

سری لنکا 5 مرتبہ چیمپیئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے 2 مرتبہ سال 2000 اور 2012 میں ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024