• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری جاں بحق

شائع April 11, 2021
پہلے واقعے میں جاں بحق ہونے والا ایک فرد نابالغ تھا — فوٹو: اے پی
پہلے واقعے میں جاں بحق ہونے والا ایک فرد نابالغ تھا — فوٹو: اے پی

بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں مبینہ طور پر دو مختلف واقعات میں ایک نابالغ سمیت 5 کشمیریوں کو قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے دعویٰ کیا کہ سلسلہ وار جھڑپیں شوپیاں اور بیج بہارہ کے علاقے میں اس وقت شروع ہوئیں جب سیکیورٹی اداروں کی جانب سے علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر علاقے میں 2 گاؤں کا محاصرہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کے 365 روز

انسپکٹر جنرل وجے کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ شوپیاں میں مبینہ طور پر 3 علیحدگی پسند جاں بحق جبکہ دو سپاہی زخمی ہوئے اور انہوں نے مزید بتایا کہ مقتولین کے پاس سے ہتھیار بھی برآمد کرلیے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والا ایک فرد نابالغ تھا جس نے حال ہی میں علیحدگی کی تحریک میں شمولیت اختیار کی تھی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے سے قبل متعدد مرتبہ مسلح افراد کو خبردار کیا گیا تھا اور انہیں اسلحہ پھینکے کو کہا گیا تھا لیکن انہوں نے انکار کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کے ساتھ بیج بہارہ میں ایک اور جھڑپ میں دو علیحدگی پسند جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے دونوں واقعات میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے رواں ماہ میں اب تک مختلف جھڑپوں میں 15 علیحدگی پسندوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ان واقعات میں ایک ایک پولیس و فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی نے انعام کیلئے 3 افراد کو قتل کیا، پولیس رپورٹ

یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں مقبوضہ کشمیر کی پولیس نے بھارتی فوج کے ایک کیپٹن اور دو سپاہیوں کو 3 مقامی کشمیریوں کے قتل کے کیس میں نامزد کیا تھا، جنہیں علیحدگی پسند قرار دے کر جعلی مقابلے میں قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا تھا کہ گزشتہ سال جولائی میں کیپٹن نے جنوبی کشمیر میں ایک جعلی مقابلے کا دعویٰ کیا تھا جس میں 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں بھارتی اور پاکستانہ فوج نے 2003 میں دونوں ممالک کے درمیان ہوئے جنگی بندی معاہدے پر عمل درآمد کا اعادہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024