• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 13 اپریل کو ہوگا

شائع April 11, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور عرب ملک میں پہلا روزہ منگل 13 اپریل کو ہوگا۔

سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے یہ اعلان اتوار کو کیا گیا۔

سعودی عرب میں 11 اپریل (بروز اتوار) کو 29 شعبان 1442 تھی اور وہاں رمضان المبارک کے چاند کو دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

تاہم چاند نظر نہیں آیا اور اب وہاں رمضان کا آغاز 13 اپریل سے ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 13 اپریل کو متوقع ہے۔

اس حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپریل کے آغاز میں الگ الگ ٹوئٹس میں پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان میں رواں سال پہلا روزہ 14 اپریل کو ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ رمضان کا چاند اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں صاف دکھائی دے گا۔

خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔

دوسری جانب فواد چوہدری کی ٹوئٹ پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے نومنتخب چیئرمین نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ماضی میں چاند دیکھنے سے متعلق متعدد اعلانات کی وجہ سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا تھا کہ یہ شریعت کی نافرمانی کی بات نہیں ہوگی لیکن ملک میں رمضان اور عید کی مختلف تاریخیں ہونے پر قومی فخر کو نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اسلامی مہینوں کے آغاز کے لیے نئے چاند سے متعلق حتمی اعلان کرے۔

مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ فواد چوہدری کو کمیٹی کے اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے تھا کیونکہ وزارت سائنس کا ایک سینئر افسر کمیٹی کا ممبر ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ ہم 13 اپریل کو رمضان کے چاند کو دیکھنے کے لیے آئندہ اجلاس پشاور میں کر رہے ہیں اور مفتی پوپلزئی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس میں شریک ہوں یا اپنے نمائندوں میں سے کسی کو بھیجیں تاکہ اتفاق رائے سے فیصلہ ہو۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مرکزی کمیٹی نے ضلعی سطح پر رویت ہلال کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ گواہوں کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024