• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کا موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچاؤ میں تعاون کیلئے بل گیٹس کو خط

شائع April 11, 2021
خط میں وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں تعاون کی دعوت دی— فائل فوٹوز:رائٹرز/وزیراعظم آفس
خط میں وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں تعاون کی دعوت دی— فائل فوٹوز:رائٹرز/وزیراعظم آفس

وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچانے اور ان کے خلاف مل کر کام کرنے کے لیے مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو خط لکھا ہے۔

6 اپریل کو لکھے گئے خط، جسے آج جاری کیا گیا، میں وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر 'آب و ہوا کی تباہی سے بچاؤ' (Avoiding a Climate Disaster) کے موضوع پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اس اہم موضوع پر پالیسی تجزیے فراہم کیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان کو درپییش موسمیاتی چیلنجز سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے نشاندہی کی کہ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کردار کم ہے اور یہاں گرین ہاؤسز گیسز کا اخراج عالمی سطح کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آب و ہوا میں تبدیلی سے ہر سال مزید موسمیاتی تباہی آئے گی، اقوام متحدہ

وزیراعظم عمران خان نے خط میں لکھا کہ ایک ترقی پذیر ملک ہوتے ہوئے، پاکستان حساس موسمیاتی معاشی نمو کے حصول کے لیے کوشاں ہے جو صرف بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

بل گیٹس کو لکھے گئے خط میں وزیراعظم عمران خان نے انہیں حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کے قدرتی حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے خط میں بتایا کہ پاکستان کاربن کی کمی کے لیے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کررہا ہے۔

انہوں نے بل گیٹس کو بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس، کلین گرین پروگرامز جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:'پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے سالانہ ایک لاکھ 28 ہزار اموات ہوتیں ہیں'

وزیراعظم نے خط کے متن میں لکھا کہ پاکستان نے لاتعداد گرین جابز دیں اور 10 لاکھ ایکڑ جنگلات کو محفوظ بنایا۔

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کیلئے بھرپور تعاون کرنے کو تیار ہے، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو بھانپتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو بھانپتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کو تیار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر قابو پانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'بلین ٹری سونامی' کی نگرانی کیلئے 3 غیر سرکاری تنظیمیں مقرر

خیال رہے کہ رواں برس مارچ کے اواخر میں سعودی حکومت کی جانب سے ملک میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھا تھا۔

سعودی ولی عہد کے نام خط میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ 'میں آپ کے منصوبے کے بارے میں جان کر خوش ہوں کہ سبز سعودی عرب اور سبز مشرق وسطیٰ منصوبوں کا مقصد ماحول کا تحفظ ہے'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'دونوں منصوبوں میں 10 ارب درخت سعودی عرب اور خطے میں 50 ارب درخت کا منصوبہ شامل ہے، جس میں 30 فیصد سے زیادہ علاقہ محفوظ ہوگا، میرین اور ساحلی ماحولیات کے تحفظ اور 2030 تک سعودی عرب کی قابل تجدید 50 فیصد توانائی پیدا ہوگی، جو انتہائی قابل تعریف ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024