• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

منشا پاشا، جبران ناصر رشتہ ازدواج میں منسلک

شائع April 11, 2021
منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی کی تھی— فوٹو: فیس بک
منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی کی تھی— فوٹو: فیس بک

معروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر اور اداکارہ منشا پاشا، منگنی کے تقریباً ڈیڑھ برس بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی کی تھی، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا اور عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

سوشل میڈیا پر دونوں کی شادی کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ وہ گزشتہ روز یعنی 10 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

مزید پڑھیں: منشا پاشا اور جبران ناصر نے منگنی کرلی

اس حوالے سے ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ منشا پاشا اور جبران ناصر کا نکاح قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں ہوا۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

مختصر پیمانے پر ان کے نکاح کی تقریب ایک رشتے دار کے گھر پر کراچی میں منعقد ہوئی۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ جبران ناصر اور منشا پاشا اپنے دوستوں، ساتھیوں کے لیے کورونا وائرس کے بعد ایک بڑی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ابھی وہ مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کے منتظر ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: منشا پاشا دوستوں کی جانب سے دی گئی ’سرپرائز‘ پارٹی سے خوش

وائرل ہونے والے تصاویر میں منشا پاشا کو آئیوری اور گولڈ کلر کا عروسی لباس زیب تن کیے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ جبران ناصر سفید رنگ کے کرتے اور واسکٹ میں نظر آئے۔

علاوہ ازیں منشا پاشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے ہاتھوں کی تصویر شیئر کی لیکن انہوں نے شادی کا اعلان نہیں کیا نہ ہی جبران ناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کوئی پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں اداکارہ میرا سیٹھی کے پروگرام میں دونوں نے جلد شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کب تک شادی کریں گے۔

مذکورہ پروگرام کے علاوہ منشا پاشا نے ٹو بی آنیسٹ نامی شو میں بھی اپنی شادی پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ ان کا جلد شادی کا ارادہ ہے مگر وہ تاریخ اور وقت کا اعلان نہیں کرسکتیں۔

منشا پاشا نے کہا تھا کہ تاریخ کا اعلان کرنے سے وہ پابند ہوجائیں گے، اس لیے وہ پابند نہیں ہونا چاہتے لیکن جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024