• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پاکستانی وفد کی پرواز کو سیکیورٹی خدشات پر کابل میں لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی

شائع April 8, 2021
اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ افغانستان کے دورے کیلئے اڑان بھرنے والا وفد—تصویر: قومی اسمبلی ٹوئٹر
اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ افغانستان کے دورے کیلئے اڑان بھرنے والا وفد—تصویر: قومی اسمبلی ٹوئٹر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں افغانستان جانے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد کا دورہ ملتوی ہوگیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے دورہ ملتوی ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے ترجمان نے بتایا کہ پارلیمانی وفد نے افغانستان کے لیے اڑان بھر لی تھی لیکن کابل ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے پر پرواز کو واپس آنا پڑا۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ایک ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ 'سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان اور افغانستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت‘

قومی اسمبلی کے ٹوئٹر کے مطابق اسپیکر اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ افغانستان روانہ ہو ئے تھے، وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور اراکین پارلیمان غلام مصطفے شاہ، ساجد خان، رانا تنویر, گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار شامل تھے۔

اس سلسلے میں باضابطہ جاری بیان کے مطابق پاکستانی پارلیمانی وفد کو 8 سے 11 اپریل تک افغانستان کا دورہ کرنا تھا، اس دوران وفد کی افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ حنیف آتمر کے علاوہ افغان پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقاتیں طے تھیں۔

پارلیمانی وفد کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے فقدان کو ختم کرنا تھا۔

وفد کے استقبال کے لیے افغان حکومت نے تیاریاں کر رکھی تھیں جس میں کابل کی شاہراہوں کو پاکستان اور افغانستان کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔

وفد کا طیارہ سیکیورٹی خدشات کے باعث نہیں اتر سکا، سربراہان افغان پارلیمنٹ

پارلیمانی وفد کا دورہ کابل ملتوی ہونے کے بعد افغان چئیرمین سینیٹ فضل ہادی مسلم یار اور اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمٰن رحمانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو الگ الگ فون کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان، افغانستان باہمی روابط کے فریم ورک کو فروغ دینے پر متفق

پارلیمانی سربراہان کی گفتگو میں اسپیکر اسد قیصر کا دورہ ملتوی ہونے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہان افغان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا طیارہ سیکیورٹی خدشات کے باعث نہیں اتر سکا، پاکستانی وفد کی سیکیورٹی ہرچیز پر مقدم ہے۔

اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمٰن رحمانی نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔

اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر جلد افغانستان آؤں گا، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024