• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بدقسمتی سے ایسے قرضے لے لیے ہیں جن سے مزید مقروض ہو رہے ہیں، وزیر اعظم

شائع April 8, 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پر قرضوں کا بوجھ ہے اور بدقسمتی سے ایسے قرضے لے لیے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں۔

اسلام آباد کے فراش ٹاؤن میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 'فراش ٹاؤن میں لوگوں کو دو سال میں تیار فلیٹ مل جائیں گے اور 2 ہزار ایسے لوگوں کو فلیٹ ملیں گے جو فلیٹ کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نے کرتارپور ریکارڈ ٹائم میں مکمل کیا تھا، امید ہے فراش ٹاؤن کے فلیٹ بھی وقت پر مکمل ہوں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بینکوں کو چھوٹے لوگوں کو قرضے دینے کی عادت نہیں تھی تاہم اب قرضوں کے لیے بینک بھی تیار ہیں اور اسکیمیں بھی لانچ ہو رہی ہیں لیکن بینکوں سے چھوٹے قرضے حاصل کرنے میں لوگوں کو اب بھی مشکلات ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: نیا ہاؤسنگ منصوبہ ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہے، وزیراعظم

عمران خان نے کہا کہ 'ملک میں مورگیج فناسنگ کا اسٹرکچر نہیں تھا لیکن آسان قرضوں کے لیے ہماری کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں، لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہوتا اس لیے کچی آبادی بن جاتی ہے، میرا خواب ہے کہ کچی آبادی والوں کے پاس مالکانہ حقوق آجائیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ملک پر قرضہ چڑھا ہوا ہے، ہمارے وزیروں کو بھی نہیں پتہ کہ کیوں ڈھائی سال ہم نے تنگی میں گزارے ہیں، ہر سال قرضوں کی اقساط بڑھتی جاتی ہیں، بدقسمتی سے ایسے قرضے لے لیے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ملک کی دولت میں اضافہ ہو تاکہ قرضوں کی اقساط واپس کر سکیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ ماہ ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے، جیسے جیسے ہماری ہاؤسنگ اور تعمیرات کی سرگرمیاں بڑھتی جائیں گی ہماری دولت اور ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا اور ہماری سکت ہوجائے گی کہ قرضوں کا بوجھ اتار سکیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ملک میں تعمیرات کی صنعت ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ پچھلے ماہ تاریخ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی فروخت دیکھنے میں آئی، نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے دیگر 30 صنعتیں بھی چلنا شروع ہو جائیں گی'۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) نے ڈھائی سال میں 20 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا تھا، ہم نے اپنے ڈھائی سال میں 35 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا، یہ 15 ہزار ارب روپے اگر ہم اپنے انفرااسٹرکچر پر لگا دیتے تو ملک تبدیل ہو جاتا'۔

مزید پڑھیں: قرضوں کی ادائیگی کیلئے مزید قرض لینا پڑیں گے، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے کہا کہ 'لاہور کے راوی منصوبے اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے اربوں کھربوں کی دولت آئے گی، حکومت سندھ کے ساتھ بنڈل آئی لینڈ پر بات کر رہے ہیں، بنڈل آئی لینڈ پر باہر سے پیسہ آئے گا، دو ڈیم بنا رہے ہیں جن سے زرعی پیداوار بڑھے گی اور سستی بجلی پیدا ہوگی، ایم ایل ون سے کراچی اور لاہور کے درمیان سفر 8 گھنٹے ہوجائے گا جبکہ وسطی ایشیا تک ٹرین چلنے سے بھی ہماری دولت میں اضافہ ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس وقت ٹیکسٹائل صنعت اپنی پوری صلاحیت سے چل رہی ہے، کوشش ہے کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بھی اٹھائیں تاکہ یہاں سے بھی دولت میں اضافہ ہو اور لوگوں کو روزگار ملے'۔

تبصرے (1) بند ہیں

M waseem Apr 08, 2021 02:52pm
After paying 35000 billion debt, how much is still due

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024