• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'آپ کو افسوس ہوگا'، امتحانات منسوخ نہ کرنے کے فیصلے پر وقار ذکا کا ردعمل

شائع April 7, 2021
شفقت محمود نے امتحانات منسوخ نہ کرنے کے فیصلے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی آگاہ کیا تھا— فائل فوٹوز: فیس بک/ٹوئٹر
شفقت محمود نے امتحانات منسوخ نہ کرنے کے فیصلے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی آگاہ کیا تھا— فائل فوٹوز: فیس بک/ٹوئٹر

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر وائرس سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں جماعت تک تدریسی عمل 28 اپریل تک نہیں ہوگا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے، شفقت محمود نے کہا تھا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ امتحانات کی تاریخ اس لیے بڑھائی گئی ہے تاکہ کورونا کے حالات اس وقت تک کچھ بہتر ہوجائیں تاہم امتحانات کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں جماعت تک تدریسی عمل 28 اپریل تک معطل

بعدازاں شفقت محمود نے امتحانات منسوخ نہ کرنے کے اس فیصلے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی آگاہ کیا تھا۔

شفقت محمود نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’امتحانات سے متعلق فیصلہ حتمی ہے، طلبہ کو چاہیے کہ امتحانات کی تیاری شروع کریں اور سخت محنت کریں'۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس فیصلے کو تبدیل نہیں کیا جائے گا لہٰذا کسی کے ذہن میں اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، سب کچھ تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئےکیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق طلبہ کے منفی ردعمل پر وزیر تعلیم حیران

وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے کی گئی مذکورہ ٹوئٹ کے بعد ٹی وی شو ہوسٹ وقار ذکا نے امتحانات سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کو اس (فیصلے) پر افسوس ہوگا'۔

ان کی اس ٹوئٹ کو طلبہ کی اکثریت نے ری ٹوئٹ کیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میمز بھی بنائی گئی۔

ہاشمی نامی صارف نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وقار ذکا طلبہ سے رابطہ کرتے ہوئے۔

حذیفہ نامی صارف نے لکھا کہ 'وقار ذکا ہی چھوڑنا پڑے گا تم لوگوں کے اوپر اب'۔

ملک عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ 'وقار ذکا شفقت محمود کو امتحان منسوخ نہ کرنے پر طلبہ کے احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے'۔

سرور نامی صارف نے لکھا کہ وقار ذکا اس جنگ میں طلبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

علینہ نامی صارف نے کہا کہ صرف وقار ذکا نے طلبہ کے حق کے لیے آواز اٹھائی۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وقار ذکا نے اپنے نوجوان مداحوں کے لیے آواز اٹھائی ہو، وقار ذکا نے اس سے قبل وزارت تعلیم کی جانب سے طلبہ کے امتحانات سے متعلق وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا تھا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جب یہ ممالک کیمبرج امتحانات کی اجازت نہیں دے رہے تو شفقت محمود ایسا کیوں نہیں کررہے، آپ کیوں چاہتے ہیں کہ طلبہ احتجاج کریں؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024