• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نامناسب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دبئی میں ایک درجن خواتین گرفتار

شائع April 6, 2021
پولیس نے تین درجن سے زائد افراد گرفتار کرلیے—فائل فوٹو: خلیج ٹائمز
پولیس نے تین درجن سے زائد افراد گرفتار کرلیے—فائل فوٹو: خلیج ٹائمز

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی پولیس نے انٹرنیٹ پر ایک نامناسب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد خواتین سمیت 3 درجن کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات کی 3 اپریل کی ایک نامناسب ویڈیو وائرل ہوئی، جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق واضح طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کیوں اور کس مقصد کے لیے بنائی گئی تھی، تاہم ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے خفیہ طور پر شوٹ کیا گیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک درجن خواتین کو دبئی کے معروف علاقے مرینا کی ایک بلند و بالا عمارت کی بالکونی میں بے لباس دیکھا جا سکتا ہے اور بظاہر وہ ویڈیو میں کوئی فوٹو شوٹ کرواتی دکھائی دیتی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی تمام خواتین سیاہ فام ہیں، جن کا تعلق یورپی ملک یوکرین سے بتایا جا رہا ہے تاہم بعض اطلاعات کے مطابق ان میں سے کچھ خواتین روس سے بھی تعلق رکھتی ہیں۔

مختصر ویڈیو کو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے کسی اور شخص نے شوٹ کرکے انٹرنیٹ پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دبئی پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 40 کے قریب افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو مرینا کے علاقے کی کسی عمارت میں بنائی گئی تھی—فائل فوٹو: اے پی
وائرل ہونے والی ویڈیو مرینا کے علاقے کی کسی عمارت میں بنائی گئی تھی—فائل فوٹو: اے پی

اسی حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی یوکرینین سروس نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خواتین اور دیگر افراد سے یو اے ای میں موجود یوکرین کے سفارت خانے کے عملے نے ملاقاتیں کی ہیں اور گرفتار کیے گئے افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار کی گئی خواتین میں سے کوئی بھی روسی شہری نہیں ہے تاہم مذکورہ واقعے میں ملوث 40 افراد کے گروہ میں سے کچھ افراد کا تعلق روس سے ہوسکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یو اے ای کی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق ویڈیو میں دکھائی دینے والی بے لباس خواتین کا فوٹو شوٹ ایک پروموشنل ایونٹ تھا۔

تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ خواتین بے لباس ہوکر کس طرح کا پروموشنل ایونٹ کر رہی تھیں۔

اسی حوالے سے ’عرب نیوز‘ نے دبئی پولیس کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف فوجداری الزامات کے تحت مقدمہ دائر کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ گرفتار کیے گئے افراد نے اماراتی قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کی وجہ سے انہیں 6 ماہ قید اور 5 ہزار ڈالر تک جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں بھی ہوسکتی ہیں۔

ساتھ ہی پولیس نے دیگر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ ویڈیو یا اس جیسے دیگر مواد کو پھیلانے سے گریز کریں، کیوں کہ اماراتی قوانین کے تحت فحش مواد کا پھیلاؤ جرم ہے۔

خیال رہے کہ دبئی سمیت یو اے ای کی دیگر ریاستوں میں سیاحوں کے لیے شراب نوشی، محفل موسیقی اور ڈانس پارٹیوں کی اجازت ہے تاہم کوئی بھی نامناسب قدم عوامی مقامات پر نہیں کیا جا سکتا اور خلاف ورزی کرنے والے کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024