• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کرکٹر حسن علی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

شائع April 6, 2021
جوڑے کے ہاں 6 اپریل کو بیٹی کی پیدائش ہوئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جوڑے کے ہاں 6 اپریل کو بیٹی کی پیدائش ہوئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

حسن علی نے 6 اپریل کی صبح اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ وہ والد بن گئے اور ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

کرکٹر نے بیٹی کی پیدائش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بیٹی کو دنیا میں خوش آمدید کہا اور ساتھ ہی بیٹی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹر حسن علی کی زندگی کے نئے سفر کا آغاز

قومی کھلاڑی نے ساتھیوں اور مداحوں سے اہل خانہ کے لیے دعا کرنے کی التجا بھی کی اور ساتھ ہی دعائیں کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اگرچہ حسن علی نے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے تاہم انہوں نے بچی کی تصویر شیئر نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے بیٹی کا نام بتایا۔

کرکٹر نے اہلیہ کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہ نہیں کیا اور یہ بھی نہیں بتایا کہ ان کی اہلیہ نے بچے کو کہاں جنم دیا اور اب ماں اور بیٹی کی صحت کیسی ہے؟

ثانیہ مرزا نے بھی حسن علی کو مبارک باد پیش کی—اسکرین شاٹ
ثانیہ مرزا نے بھی حسن علی کو مبارک باد پیش کی—اسکرین شاٹ

حسن علی کی جانب سے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی خبر شیئر کیے جانے کے بعد فوری طور پر انہیں ساتھی کھلاڑیوں، اسپورٹس شخصیات اور مداحوں نے مبارک باد پیش کی۔

حسن علی کو والد بننے پر بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، کرکٹر بسمہ معروف، کائنات امتیاز اور سدرہ نواز سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی مبارک باد پیش کی۔

مزید پڑھیں: کرکٹر حسن علی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع

حسن علی کو فخر زمان، شاداب خان، کامران اکمل، شاہین شاہ آفریدی، روحیل نذیر اور احمد شہزاد سمیت دیگر کھلاڑیوں، اداکاروں، صحافیوں اور مداحوں نے بھی مبارک باد پیش کی۔

خیال رہے کہ حسن علی نے اگست 2019 میں بھارتی نژاد دبئی میں مقیم لڑکی سامعہ آرزو سے شادی کی تھی اور دونوں نے نومبر 2020 میں اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق اعلان کیا تھا۔

سامعہ آرزو کا تعلق بھارت کی ریاست ہریانہ سے ہے اور انہوں نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئرلائن میں بطور فلائٹ انجینئر خدمات سر انجام دیتی ہیں۔

سامعہ آرزو زیادہ تر نوکری کے سلسلے میں یو اے ای میں مقیم رہتی ہیں تاہم وہ پاکستان بھی آتی رہتی ہیں۔

دونوں کے درمیان شادی سے ایک سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے اور ذرائع کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات فلائٹ میں ہی ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024