• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اکشے کمار کے بعد ان کی ٹیم کے 45 ارکان کورونا کا شکار

شائع April 5, 2021
فلم کی شوٹنگ بھی روک دی گئی—فائل فوٹو: جیکولین فرنانڈس، انسٹاگرام
فلم کی شوٹنگ بھی روک دی گئی—فائل فوٹو: جیکولین فرنانڈس، انسٹاگرام

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار میں 4 اپریل کو کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں 5 اپریل کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

علاوہ ازیں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم کے 45 ارکان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

اکشے کمار نے 4 اپریل کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔

اداکار نے بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی زیادہ علامات نہیں ہیں اور انہوں نے ماہرین صحت کے مشورے پر کچھ ادویات بھی لی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار بھی کورونا کا شکار ہوگئے

تاہم 5 اپریل کی صبح کو اداکار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر انہوں نے ڈاکٹرز کے مشورے پر خود کو ہسپتال منتقل کردیا۔

اداکار نے اُمید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر گھر لوٹیں گے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ہسپتال داخل کرایا ہے۔

اداکار نے اپنی صحت سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی مگر اداکار کو ہسپتال منتقل کیے جانے کی وجہ سے چہ مگوئیاں ہیں کہ ان میں کورونا کی علامات شدید ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اکشے کمار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے والی ٹیم کے دیگر 45 ارکان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکشے کمار آنے والی فلم ’رام سیتو‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی مگر ان کے بعد ان کی ٹیم کے تمام یعنی 100 ہی ارکان کے ٹیسٹ کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکشے کمار کی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ٹیم کے 100 میں سے 45 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر فلم کی شوٹنگ روک دی گئی۔

اکشے کمار اور ان کی ٹیم کے ارکان اس وقت کورونا کا شکار ہوئے جب کہ انہوں نے بھارتی ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی میں شوٹنگ شروع کی تھی۔

’رام سیتو‘ کی کاسٹ میں اداکارہ جیکولین فرنانڈس اور نصرت بروچا بھی شامل ہیں جب کہ دیگر معروف اداکار بھی اس فلم کا حصہ ہیں تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جیکولین فرنانڈس میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے یا نہیں؟

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار گووندا بھی کورونا وائرس سے متاثر

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے اکشے کمار کی ٹیم کے 45 ارکان میں کون کون شامل ہیں تاہم بتایا جا رہا ہے کہ زیادہ تر افراد میں کورونا کی زیادہ علامات نہیں ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی بھارتی فلم کی شوٹنگ کے دوران اتنی بڑی تعداد میں لوگ ایک ساتھ کورونا کا شکار ہوئے ہیں، اس سے قبل بھی اگرچہ متعدد اداکار فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی کورونا کا شکار ہوئے تاہم اتنی بڑی تعداد میں لوگ ایک ساتھ شکار نہیں ہوئے تھے۔

اکشے کمار کے علاوہ 4 اپریل کو اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جب کہ دیگر بولی وڈ اداکاروں، موسیقاروں اور شوبز شخصیات میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024