• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا وائرس سے مزید 4 ہزار 323 افراد متاثر، فعال کیسز 61 ہزار سے متجاوز

شائع April 5, 2021
گزشتہ روز کیے گئے ٹیسٹ کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.96 فیصد رہی—فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ روز کیے گئے ٹیسٹ کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.96 فیصد رہی—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے جس کے پیشِ نظر متعدد پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں جبکہ مزید پابندیوں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 4 ہزار 323 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 43 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 4 اپریل کو مجموعی طور پر 43 ہزار 362 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.96 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 61 ہزار 450 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 92 ہزار 231 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 821 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 902 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 15 ہزار 960 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 5 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 275 افراد اس وائرس کا شکار بنے اور 15 انتقال کر گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 33 ہزار 348 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 587 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 240 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 618 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 509 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز 984نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 17 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 92 ہزار 423 ہے جبکہ 2 ہزار 457 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی ماہ بعد یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 51 تک جا پہنچی تاہم 2 روز سے مزید اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 785 کیسز اور 211 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 641 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 4 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 61 ہزار 552 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 583 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 125 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 7 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 446 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 371 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 59 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024