• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دوسرا ون ڈے: فخر زمان کے 193 رنز کے باوجود پاکستان کو شکست

شائع April 4, 2021
فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی— فوٹو: ٹوئٹر
فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی— فوٹو: ٹوئٹر
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

فخر زمان کی 193 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی دعوت پر اننگز کا آغاز کیا تو کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مرکرم نے اپنی ٹیم کو 55 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

ایڈن مرکرم نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور 34 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ دینے کپتان ٹیمبا باووما آئے اور دونوں نے سنبھل کر ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا۔

اس دوران باووما نے فہیم اشرف کی گیند پر ایک شاٹ کھیلا جس پر ان کا بلا ٹوٹ کر دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی جبکہ اس دوران ڈی کوک نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت قائم کی لیکن حارث نے ڈی کوک کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلا دی، وکٹ کیپر بلے باز نے آؤٹ ہونے سے قبل 86 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

حارث کو اگلی ہی گیند پر دوبارہ وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن وکٹوں کے عقب میں موجود محمد رضوان جنوبی افریقی بلے باز وین ڈر ڈوسن کا آسان کیچ نہ لے سکے۔

ڈوسن نے ڈراپ کیچ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

انہوں نے وکٹ کے چاروں جانب جارحانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے برق رفتاری سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 37 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد حسنین کا شکار بنے۔

باووما بطور کپتان پہلی سنچری نہ بنا سکے اور 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں جنوبی افریقہ نے یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوائی لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ڈیوڈ ملر نے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 50 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے امام الحق اننگز کے دوسرے ہی اوور میں لنگی نگیدی کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔

گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے بابر ایک مرتبہ پھر اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 31 رنز بنانے کے بعد اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔

ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند کے فرق سے محمد رضوان کھاتا کھولے بغیر ہی سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

فخر نے دانش عزیز کے ساتھ مل کر اسکور کو 85 تک پہنچایا ہی تھا کہ دوسرا ون ڈے کھیلنے والے بلے باز بھی ہمت ہار گئے۔

شاداب خان اور آصف علی بھی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 13 اور 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

جب 11 رنز بنا کر فہیم اشرف آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی ٹیم 205 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید قومی ٹیم جلد پویلین لوٹ جائے گی لیکن فخر زمان نے تمام اندازوں کو غلط ثابت کردیا۔

فخر نے شاہین کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سنچری بھی مکمل کی اس شراکت میں شاہین کا حصہ صرف 5 رنز کا تھا۔

فخر نے ہمت نہ ہاری اور حارث رؤف کے ساتھ مل کر اسکور کو 312 تک پہنچا دیا اور اس دوران فاسٹ باؤلر نے صرف ایک رن بنایا۔

ڈبل سنچری سے چند قدم کے فاصلے پر وکٹوں کے درمیان سست روی کا مظاہرہ کرنے پر فخر زمان رن آؤٹ ہو گئے اور کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور نہ کر سکے۔

اوپننگ بلے باز نے 155 گیندوں پر 8 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 193 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ نے میچ میں 17 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس میچ میں کامیابی کی بدولت جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن میچ 7 اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل جوہانسبرگ میں کھیلےگئےسیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

دوسرے ون ڈے میچ کو پنک ون ڈے میچ کا نام دیا گیا تھا کیونکہ یہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے کے لیے کھیلا جا رہا تھا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اسی دن کی مناسبت سے میچ روایتی ہرے رنگ کی جرسی کے بجائے پنک رنگ کی جرسی میں کھیلا۔

قبل ازیں دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سےشکست دی تھی۔

اگر پاکستان کی ٹیم آج کا میچ جیت جاتی ہے تو وہ تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لے گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

جنوبی افریقہ: ٹیمبا بووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، وایڈن مرکرام، راسی وین ڈر ڈوسین، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، اندائل فلکو وایو، کگیسو ربادا، اینرچ نوکیا، لنگی نگیدی، تبریز شمسی

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث رؤف

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024