• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

امریکا: لاس اینجلس کے مضافات میں فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد ہلاک

شائع April 1, 2021
امریکا میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں فائرنگ میں ہلاکتوں کا تیسرا واقعہ ہے — فوٹو: رائٹرز
امریکا میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں فائرنگ میں ہلاکتوں کا تیسرا واقعہ ہے — فوٹو: رائٹرز

امریکی شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ حملہ آور زخمی ہوگیا جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق امریکا میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں فائرنگ میں ہلاکتوں کا تیسرا واقعہ ہے۔

انتظامیہ نے لاس اینجلس کے 30 میل جنوب مشرق میں واقعے کے محرکات کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست کولوراڈو میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

اورنج پولیس ڈپارٹمنٹ کی لیفٹننٹ جینیفر امات نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس افسران مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے جائے وقوع پر پہنچے جہاں مشتبہ حملہ آور کے ساتھ ان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں بچے سمیت 4 افراد ہلاک اور حملہ آور سمیت 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

محکمہ پولیس کے فیس بک پیج پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ جائے وقوع پر صورتحال مستحکم ہوگئی تھی اور عوام کو مزید کوئی خطرہ نہیں ہے۔

حملہ آور کی طرف سے دو منزلہ دفتری عمارت میں فائرنگ کی گئی جس کے اطراف دیگر کمرشل جائیدادیں، گھر اور اپارٹمنٹس واقع ہیں۔

حکام نے ابتدائی طور پر واقعے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

کیلی فورنیا کے گورنر گاوِن نیوسَم نے ٹوئٹر پر ردعمل میں فائرنگ کے واقعے کو خوفناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیا۔

واضح رہے کہ 16 مارچ کو امریکا کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا اور ایک نواحی علاقے میں 3 مساج پارلرز میں فائرنگ سے بیشتر ایشیائی نژاد خواتین سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں تین مساج پارلرز میں فائرنگ، خواتین سمیت 8 افراد ہلاک

بعد ازاں 22 مارچ کو مغربی ریاست کولوراڈو کے علاقے بولڈر میں ایک مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں جائے وقوع پر پہنچنے والے پہلے پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک ہوئے۔

دونوں واقعات میں ایک، ایک حملہ آور ملوث تھا جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024