• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

آئی سی سی کی نئی رینکنگ، بابر اعظم ٹاپ بلے بازوں میں شامل

شائع April 1, 2021
بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں —فائل/فوٹو: رائٹرز
بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں —فائل/فوٹو: رائٹرز

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی درجہ بندی جاری کردی ہے جہاں قومی کپتان بابر اعظم پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جو تینوں طرز کے ٹاپ بلے بازوں میں شامل ہیں۔

آئی سی سی کی نئی درجہ بندی کے مطابق نیوزی لینڈ کی جانب سے صرف 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے ڈیوون کونوے نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شان دار بیٹنگ سے کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ، بابراعظم کی چھٹی پوزیشن

کونوے کی بہترین بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کی بیٹنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کونوے نے بھارت کے کپتان کو پیچھے دھکیلتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ کوہلی پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں باؤلنگ اور آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا پایا۔

باؤلنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے، افغانستان کے راشد خان دوسرے، آسٹریلیا کے ایسٹن ایگر تیسرے، انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے اور افغانستان کے مجیب الرحمٰن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی 12ویں نمبر پر موجود ہیں، ان کے علاوہ عماد وسیم، فہیم اشرف اور شاداب خان کا بالترتیب 18، 19 اور 20واں نمبر ہے۔

آل راؤنڈر کی فہرست میں افغانستان کے محمد نبی بدستور پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، آسٹریلیا کے میکسویل کی تیسری پوزیشن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کا ون ڈے کرکٹ میں ایک اور اعزاز

ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کے تین کھلاڑی سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بابر اعظم 837 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے بہترین بلے باز ہیں جبکہ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، بھارت ہی کے روہت شرما تیسرے، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی باؤلنگ کیٹگری میں ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے والے محمد عامر 9ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے بولٹ پہلے، افغانستان کے مجیب الرحمٰن دوسرے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری تیسرے، بھارت کے جسپریت بُمرا چوتھے اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن پانچویں بہترین باؤلر ہیں۔

عماد وسیم سرفہرست 5 آل راؤنڈر میں شامل ہیں جبکہ انہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ایک روزہ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈر ہیں، انگلینڈ کے بین اسٹوکس دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسری، انگلینڈ کے کرس ووکس چوتھے اور عماد وسیم اب تک پانچویں بہترین آل راؤنڈر ہیں۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کا نام روشن رکھا اور فہرست میں چھٹے بہترین بلے باز ہیں جہاں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے، مارنس لیبوشیگنے تیسرے، انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے اور بھارت کے ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: ٹی20 میں قومی ٹیم اور کپتان بابر دونوں سرفہرست

ٹیسٹ کرکٹ کی باؤلنگ اور آل راؤنڈرز کی کیٹیگری کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نمبر باؤلر ہیں، دوسرے نمبر پر بھارت کے ایشون، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر تیسرے نمبر پر ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈر ہیں، انگلینڈ کے بین اسٹوکس دوسرے، بھارت کے جدیجا تیسرے، ایشون چوتھے اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024